جرم و سزاسٹی

پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی اپ گریڈ،فورس کو مثبت کاموں کی تشہیر کی اجازت دے دی گئی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی اپ گریڈ سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کردیا،

شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر کی تشہیر باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ اپنے ذاتی اکاؤنٹ، ڈی پی اوز، آر پی اوز، فیلڈ فارمیشن، ڈی پی آر کے سنٹرل اکاؤنٹ سے اچھے کاموں اور کارکردگی کو اجاگر کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور

لاہور (خبرنگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے فورس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے کاموں کی تشہیر کی اجازت دے دی ہے ۔فورس کے نام جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپ گریڈ سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے بتایا کہ دور حاضر کے کمیونیکیشن سسٹم میں سوشل میڈیا انتہائی فعال اور کارآمد قوت ہے جس کا دانشمندانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن کی وجہ سے ملک کے اداروں کا بھی نقصان ہوتا ہے اور شہریوں کے اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کا محکمہ بھی ان اداروں میں شامل ہے جو کو اکثر جعلی ، بے بنیاد اور گمراہ کن تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ منسلک کردیا جاتا ہے جس کا پولیس کے ساتھ کوئی تعلق بھی نہیں ہوتا ۔ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران واہلکاروں کو بتایا کہ پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کو عصر حاضر کی ضروریات کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے اوراب تمام پولیس افسران و اہلکار محکمہ کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے والے اچھے کاموں، مثالی کارکردگی اور سروس ڈلیوری کی تشہیر کر سکتے ہیں جس سے محکمہ کی عزت و احترام میں اضافہ ہو۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ عوامی فلاح و بہبود کے پراجیکٹس اور مثبت تشخص پر مبنی تصاویر ،ویڈیوز کی زیادہ سے زیادہ تشہیر جائے، اسی طرح بہترین کارکردگی پر ملنے والے ایوارڈز،میڈلز ، تعریفی اسناد کی تصاویر، ویڈیوز بھی شیئر کریں، آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر کی تشہیر باقاعدگی سے جاری رکھیں، اپنے ذاتی اکاؤنٹ، ڈی پی اوز، آر پی اوز، فیلڈ فارمیشن، ڈی پی آر کے سنٹرل اکاؤنٹ سے اچھے کاموں اور کارکردگی کو اجاگر کریں اور مستحکم پاکستان اور امن و امان کے لئے خدمات پر مبنی پیغام لوگوں تک ضرور پہنچائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ایس ایچ اوز شہریوں کے ساتھ رابطہ کاری کیلئے تھانوں میں اپنی موجودگی بارے ویڈیو پیغام لگا سکتے ہیں ، اسی طرح بیٹ افسران بھی جرائم کے قلع قمع کیلئے انسداد جرائم کیلئے شہریوں سے انفارمیشن وغیرہ لے کر آپریشن میں تیزی لائیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا کہ یونیفارم کا تقدس سب سے مقدم، لائیکس حاصل کرنے کیلئے وردی کی عزت کو پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں، انہوں نے مزیدکہاکہ کسی شہری کی تذلیل، مذہب و فرقے، قومیت کا تمسخر اڑانے کی تصاویر، ویڈیو یا کوئی مواد ہرگز پوسٹ یا شئیر نہ کریں، ا محکمے کی سرکاری دستاویزات، سیکرٹ تصاویر،ریڈز یا آپریشن کی تفصیلات، انویسٹی گیشن سے متعلق کوئی بھی مواد ہرگز شئیر نہیں کیا جاسکتا، اسی طرح کسی ملزم کی گرفتاری پر تسمخر اڑاتی تصاویر،ناموں کی تذلیل کاباعث بننے والی ویڈیوز یا انویسٹی گیشن کو متاثر کرنے والا کوئی بھی مواد ہرگز شئیر نہیں کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جعلسازی سے پرہیز کریں، اچھے کام کرکے اسکی مناسب تشہیر سے محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کریں، ڈاکٹر عثمان انور نے تمام افسران واہلکاروں کو ہدایت کی کہ اپ گریڈڈ سوشل میڈیا کے ذریعے محکمہ کے تشخص کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button