
مشکلات میں گھرے شہریوں کی مدد کیلئے خدمت خلق کے جذبے کے تحت ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ کوٹ لکھپت پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے، تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے گھر سے ناراض ہوکر نکلنے والی ذہنی معذور جواں سالہ لڑکیوں کے والد کو تلاش کرکے انکے سپرد کیا تھا۔ 24 سالہ مہوش اور 23 سالہ آمنہ بھائی کے ڈانٹنے پر گھر سے بھاگ آئی تھیں، والد نے 15 پر کال کی۔ کوٹ لکھپت پولیس نے قینچی سٹاپ سے لڑکیوں کو تحویل میں لیا، والدین کی تلاش کیلئے وائرلیس کالز، سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے مدد لی گئی، ایس ایچ او کوٹ لکھپت غلام حسن نے ضلع قصور صدر سے لڑکیوں کے والدین کو تلاش کر لیا۔ آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر ایس ایچ او غلام حسن اور انکی ٹیم کو تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔

انعامات حاصل کرنے والوں میں ٹی ایس آئی شکیلہ یونس، ہیڈ کانسٹیبلز بشارت علی، امداد حسین اور کانسٹیبل احمد ایاز شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی شاندار کارنامے پر پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مشکلات میں گھرے شہریوں کی مدد کیلئے خدمت خلق کے جذبے کے تحت ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ایسے فرض شناس اور درد دل رکھنے والے افسران و اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔







