
معروف سکولز، کالجز،اعلی تعلیمی اداروں کے نیٹ ورکس کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے گئے۔ پولیس بچوں کی جدید تعلیم و تربیت کیلئے جدید آن لائن سبق ڈاٹ پی کے پلیٹ فارم کے ساتھ اشتراک کیا گیا، آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ وہ اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر ترقی کی منازل طے کرکے کامیابی سے آگے بڑھ سکیں ۔بچوں کی تعلیم سے متعلق پولیس فورس کے نام جاری خصوصی پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس کے بچوںکے گذشتہ دو برسوں کے تمام تعلیمی اخراجات کے بلز ادا کر دیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پچھلے برسوں کی نسبت رواں برس ساڑھے پانچ گنا زیادہ رقم خرچ کی گئی اوررواں سال 300 گنا زیادہ تعلیمی سکالرشپ دیے گئے۔طلبا کو فیس کی ایڈوانس ادائیگی بھی جاری ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ معروف سکولز، کالجز،اعلی تعلیمی اداروں کے نیٹ ورکس کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے گئے جن میں شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم جبکہ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بیرون یا اندرون ملک نامور تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے والے بچوں کے تعلیمی اخراجات محکمہ اٹھائے گایوں پولیس ملازمین کا اپنے بچوں کو بیرون ملک تعلیم دلوانے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ شہدا پولیس اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت میں ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں۔پولیس ملازمیں کے بچوں کی جدید تعلیم و تربیت کیلئے جدید آن لائن سبق ڈاٹ پی کے پلیٹ فارم کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہےآئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام پولیس ملازمین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور اگر اس سلسلے میں انہیں محکمہ سے کوئی مدد درکار ہو تو فوری سنٹرل پولیس آفس رابطہ کرکے ان ذرائع سے استفادہ کیا جائے ۔







