
تینوں ملزمان سنگین جرم کے ارتکاب کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہوگئے تھے، انٹرپول کے تعاون سے ریڈ نوٹسز جاری کروا کر ملزمان کو گرفتار کیا۔انٹرپول میں تعینات ڈی آئی جی سکندر کے تعاون اور کاوشوں سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کا عمل تیز ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے جس کے تسلسل میں متحدہ عرب امارات سے 03 مزید خطرناک اشتہاری گرفتار ہوکر پاکستان پہنچ گئے جبکہ گرفتاریوں کی مجموعی تعداد 109 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس قتل کے مقدمات میں مطلوب 03 خطرناک اشتہاریوں متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرکے وطن واپس لے آئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری اور واپسی میں خصوصی تعاون پر ڈی آئی جی سکندر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انٹرپول میں تعینات ڈی آئی جی سکندر کے تعاون اور کاوشوں سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کا عمل تیز ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار اشتہاریوں میں فیصل آباد پولیس کو مطلوب علی رضا، جہلم پولیس کو مطلوب منیر حسین اور ڈی جی خان پولیس کے محمد خان شامل ہیں، تینوں ملزمان قتل جیسے سنگین جرم کے ارتکاب کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہو گئے تھے۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول کے تعاون سے ریڈ نوٹسز جاری کروا کر ملزمان کو گرفتار کیا، قانونی ضوابط پورے کرنے کے بعد ملزمان پاکستان پہنچ گئے، ائیر پورٹ پر متعلقہ پولیس ٹیموں کے حوالے کر دیا گیاہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 03 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری سے بیرون ملک اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 109 ہو گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے قتل، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے تعاون سے کاروائیوں کو جاری رکھا جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔