
درخواستوں پر بروقت کارروائی نہ ہونے کی صورت میں ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا، غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی
لاہور (خبرنگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے رات گئے تھانہ ڈیفنس بی کا دورہ کیا۔انہوں نے تھانہ میں صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہور نے فرنٹ ڈیسک، روزنامچہ، حوالات اور مال خانے سمیت مختلف شعبوں کامعائنہ کیا اور شہریوں کو پولیس اسٹیشن میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے سائلین سے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ سی سی پی او لاہور کی تھانے میں صفائی کے ناقص انتظامات اور بجلی کی وائرنگ کے غیر مناسب انتظام پر برہمی کا اظہار کیا اور تھانہ کی حالت بہتر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات دیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک پر جمع ہونے والی درخواستوں پر بروقت کارروائی نہ ہونے کی صورت میں ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا۔ فرائض کی انجام دہی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور پولیس قانون کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے مسلسل مصروف عمل ہے۔