
لاہور ( خبرنگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بجلی کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو خودکشی کرنے پر مجبور کر دیا ہے جبکہ نگران حکومت نے دوبارہ بجلی مہنگی کرکے اپنی بے حسی کا ثبوت دے دیا ہے ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،نگران حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافہ ظلم،زیادتی اور ناانصافی ہے،نگران حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں کیے گئے ناجائز اضافے کو ختم کرے، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں مزید کہنا تھا کہ ملک میں دن بدن بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے، حکومت آہستہ آہستہ عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے ساتھ یہ ظلم نہیں ہونے دے گی۔ جو کل تک مہنگائی کے نام پر سیاست کررہے تھے آج بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر خاموشی تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں بجلی، گیس، آٹا اور چینی سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اندھادھند اضافے نے غریب عوام کو جیتے جی مار دیا ہے۔