سٹی

نفسیاتی عارضہ کا شکار کانسٹیبل شاہد جٹ تیزی سے صحت یابی کی جانب گامزن

ایسے افراد کا مذاق اڑانے کی بجائے ان کے مددگار بنیں اور انہیں تحفظ سنٹرز پہنچائیں ۔ آئی جی پنجاب کی شہریوں سے درخواست

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے کانسٹیبل شاہد جٹ کی اپنی والدہ اور معالج کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقاتشاہد جٹ کی دماغی حالت کافی سنبھل چکی، ادویات کے باقاعدہ استعمال سے وہ نارمل زندگی گذار سکتا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

لاہور(خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نفسیاتی عارضہ سے تیزی سے صحت یاب ہونے والے کانسٹیبل شاہد جٹ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ، کانسٹیبل شاہد جٹ کی اپنی والدہ اور معالج بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل شاہد جٹ کی خیریت دریافت کی اور کانسٹیبل شاہد جٹ کے نفسیاتی معالج ڈاکٹر علی انجم اور والدہ سے اس کے علاج میں پیش رفت بارے آگاہی حاصل کی، سوشل میڈیا پر کانسٹیبل شاہد جٹ کے ساتھ ریکارڈ کرائے پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبل شاہد جیسے افراد تمسخر کی بجائے انسانی ہمدردی کے مستحق ہیں، ایسے افراد کی مدد و علاج معالجے کیلئے پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں تحفظ سنٹرز بنائے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے درخواست کی کہ ایسے افراد کا مذاق اڑانے کی بجائے ان کے مددگار بنیں اور انہیں تحفظ سنٹرز پہنچا دیں۔

کانسٹیبل شاہد کے معالج اور ماہر نفسیات ڈاکٹر علی انجم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی امراض کے شکار افراد کی سوشل میڈیا ٹرولنگ سے اجتناب کریں ، ایسے افراد کو علاج معالجے کیلئے ذہنی امراض کے ڈاکٹرز یا تحفظ سنٹرز تک پہنچائیں ۔شاہد جٹ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اپنی ادویات باقاعدگی سے جاری رکھنے کا عہد کیا، ویڈیو پیغام میں شاہد جٹ کی والدہ بھی موجود تھیں جنہوں نے شاہد جٹ کی فیملی کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی تفصیل بھی بتائی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button