
اکیسویں روز 2 کروڑ42 لاکھ روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی، اب تک کے آپریشن میں مجموعی طور پر 60 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔
لاہور (خبر نگار)
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکو کی جانب سے لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ اوراوکاڑہ کے اضلاع میں بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ مہم کے اکیسویں روز743 ڈیفالٹرز سے 2 کروڑ42 لاکھ روپے سے زائدکی وصولی کرلی گئی ہے۔ لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نادرن سرکل میں چیف انجینئراو اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی) ظفر ا قبال نے تحصیلدار سٹی مجاہد ضیا اور تحصیلدار شالیمار نوریز ہمایوں کی معاونت سے93ڈیڈڈیفالٹرز سے4.82 ملین اور ایسٹرن سرکل میں 63 ڈیڈڈیفالٹرز سے5.20 ملین کی ریکوری کی۔ دوسری جانب منیجر میٹریل ڈسپوزل انجینئر انور وٹونے تحصیلدارماڈل ٹاؤن رانا ارسال اور تحصیلدارکینٹ سجاد قریشی کے ساتھ مل کر سینٹرل سرکل میں 109 ڈیفالٹرز سے 3.91 ملین اور ساؤتھ سرکل میں 43ڈیفالٹرز سے 1.34 ملین کی ریکوری کی۔ اسی طرح منیجر ٹیکنیکل انجینئر محمد فاروق نے تحصیلدار ننکانہ محمد اقبال رشید اور تحصیلدار شیخوپورہ محمد اسلم گجر کی معاونت کے ساتھ ننکا نہ سرکل میں 80 ڈیفالٹرز سے 1.49 ملین اور شیخوپورہ سرکل میں 76 ڈیفالٹرز سے 2.51 ملین کی ریکوری کی۔منیجر ای اینڈ ایس (پی ایم یو) انجینئر عباس علی نے نائب تحصیلدار قصور اور اوکاڑہ مرزا زاہد بیگ کی معاونت سے اوکاڑہ سرکل میں 108ڈیفالٹرز سے1.35ملین جبکہ قصور سرکل میں 171 ڈیفالٹرز سے3.59 ملین کی ریکوری کی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ لیسکو نے مجموعی طور پر ریکوری مہم کے دوران کل183,63 ڈیفالٹرز سے60 کروڑ7 لاکھ روپے سے زائد کی وصولی کی۔ نادرن سرکل میں 2582ڈیفالٹرز سے71.64ملین روپے، ایسٹرن سرکل میں 2041 ڈیڈڈیفالٹرز سے 147.10 ملین کی ریکوری کی گئی۔ سینٹرل سرکل میں 2284 ڈیفالٹرز سے 86.57 ملین اور ساؤتھ سرکل میں 1174 ڈیفالٹرز سے39.47 ملین کی ریکوری کی گئی۔ ننکانہ سرکل میں 1444 ڈیفالٹرز سے37.47 ملین اور شیخوپورہ سرکل میں 1679ڈیفالٹرز سے78.68 ملین کی ریکوری کی گئی، اوکاڑہ سرکل میں 2698 ڈیفالٹرز سے39.27 ملین جبکہ قصور سرکل میں 4461ڈیفالٹرز سے 100.51 ملین کی ریکوری کی گئی۔







