
ہائیکورٹ پیشی یا کسی بھی پیشہ ورانہ امور کیلئے دور دراز شہروں سے آنے والے افسران و ملازمین سرکاری رہائش گاہ سے استفادہ کریں گے،کمپیوٹر سسٹمز، پرنٹرز، فیکس سمیت دفتری امور کیلئے درکار تمام سہولیات کا ”سرِراہ“ میں انتظام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور ( خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے ایک احسن اقدام اٹھاتے ہوئے ؎دیگر اضلاع بالخصوص دور دراز کے علاقوں سے سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے لاہور آنے والے پولیس افسران و ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اسٹیشن قلعہ گجر سنگھ کی بالائی منزل پر پولیس لاجز ”سرِراہ“ کا افتتاح کردیا ہے جہاں دیگر شہروں کے ملازمین کے عارضی قیام کیلئے بہترین انتظام کیا گیاہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا کے ہمراہ ”سرِراہ“ کا دورہ کیا، اے آئی جی ایڈمن عمار اطہر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ”سرِراہ“ میں سہولیات بارے آگاہ کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ”سرِراہ“ میں بیرون لاہور سے آنے والے پولیس افسران و ملازمین کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ رہائش کا انتظام کیا گیا ہے، ہائیکورٹ پیشی یا کسی بھی پیشہ ورانہ امور کیلئے دور دراز شہروں سے آنے والے افسران و ملازمین سرکاری رہائش گاہ سے استفادہ کریں گے،”سرِراہ“ میں خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کیلئے بھی علیحدہ رہائش کا انتظام موجود ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کمپیوٹر سسٹمز، پرنٹرز، فیکس سمیت دفتری امور کیلئے درکار تمام سہولیات کا ”سرِراہ“ میں انتظام کیا گیا ہے،”سرِراہ“ سے افسران و اہلکاروں کا لاہور آمد پر قیام گاہ کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے،قبل ازیں رحیم یار خان و دیگر دور دراز اضلاع کے اہلکاروں کو لاہور ہائیکورٹ پیشی کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ ماضی میں رات دیر گئے آمد،موسم کی شدت، علی الصبح سہولیات کی عدم فراہمی افسران واہلکاروں کے پیشہ ورانہ امور میں دشواری کا باعث بنتی تھیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس نے اس پراجیکٹ کو بغیر کسی حکومتی گرانٹ اپنے محکمانہ فنڈز سے تیار کیا ہے اور اس رہائش گاہ کی سہولیات کا معیار کسی بھی انٹرنیشنل ہوٹل کے معیار سے کم نہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ”سرِراہ“ میں قیام کیلئے پولیس افسران واہلکارں موبائل ایپلی کیشنز سے بکنگ کروا سکتے ہیں، اس پراجیکٹ پر دستیاب سہولیات کے معیار کو ہرصورت برقرار رکھا جائے گا۔







