
ہائی پروفائل کیس کے ملزمان24گھنٹوں میں گرفتارکرنے پر سی ٹی ڈی، پولیس، انٹیلی جنس اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا، سیالکوٹ، قصور اور پاکپتن پولیس کی ٹیموں نے ہیومن انٹیلی جنس، ٹیکنیکل سلکز کی مدد سے ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا، آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیالکوٹ،ڈسکہ فائرنگ کیس کے ملزمان کو گرفتار کرنے والی پولیس و دیگر اداروں کی ٹیموں کو تعریفی لیٹر، اسناد اور نقد انعامات سے نوازا ہے، سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب نے ہائی پروفائل کیس کے ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر پکڑنے والے سی ٹی ڈی، پنجاب پولیس، انٹیلی جنس اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز الپا، ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال، ڈی پی او قصور طارق عزیز اور ڈی پی او پاکپتن کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت کو تعریفی لیٹرز دیئے، ایڈیشنل ایس پی سیالکوٹ ملک نوید، ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم رانا محمود الحسن، انچارج سکیورٹی انسپکٹر محمد سعید کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا، سی آئی اے سیالکوٹ کے اے ایس آئی زاہد محمود، ہیڈ کانسٹیبل وقاص، قصور کے ایس ایچ او پھولنگر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو انعامات سے نوازا گیا، پولیس اسٹیشن صدر پھولنگر کے اے ایس آئی مبشر علی ساجد، کانسٹیبلز تنویر احمد اور افضل حسین کو بھی کیش انعامات و تعریفی اسناد دی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سیالکوٹ، قصور اور پاکپتن پولیس کی ٹیموں نے ہیومن انٹیلی جنس، ٹیکنیکل سکلزاور بھرپور محنت سے ایکشن لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا، شاندار کوآرڈینیشن اور بہترین ٹیم ورک سے کام کرنے پر پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی ادارے ستائش کے مستحق ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کرنے پر قومی سکیورٹی اداروں کے مشکور ہیں. انہوں نے مزیدکہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔







