عام آدمی ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی روائتی سیاست سے تنگ آ چکا ہے. مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی و ضلعی عہدیداران کی آئی پی پی میں شمولیت پر گفتگو
لاہور(خبر نگار)مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی نائب صدر، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور ضلعی عہدیداران جلیل احمد خان موسیٰ خیل اور مرادخا ن کودے زئی نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ میں ہونے والی اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن گزشتہ 40برسوں سے اقتدار میں ہے لیکن عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکے،وفاق میں اقتدار کی باریاں لینے والے صوبوں میں بھی تین تین ادوار گزار چکے ہیں،عوام ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی روائتی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ مہنگائی کی ماری ہوئی عوام متبادل قیادت کی متلاشی ہے اور گزشتہ40برسوں میں عام آدمی کے مسائل میں کمی کی بجائے بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے بھی پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ استحکام پاکستان پارٹی کا دیا گیا منشور ملکی مسائل کے حل کا عملی خاکہ پیش کرتا ہے اور ہم پر اُمید ہیں کہ ہماری پارٹی آئندہ انتخابات میں بڑی کامیابیاں حاصل کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی پی پی چھوٹے صوبوں کی زیاد ہ سے زیادہ ترقی کی خواہاں ہیں اور ہم بالخصوص بلوچستان سے سیاسی شخصیات کی شرکت کا زیادہ خیر مقدم کریں گے تاکہ یہاں سے بھرپور نمائندگی ہو سکے۔
بلوچستان سے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے مسلم لیگ کے صوبائی و ضلعی عہدیداران جلیل احمد خان موسیٰ خیل اور مراد خان کودے زئی نے اپنے ساتھیوں سمیت جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قیادت پر غیر مشروط اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے پارٹی قیادت کو بلوچستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وہاں ان سب کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چوہدری نوریز شکور، رانا نذیر احمد خان،میاں خالد محمود اور رانا محمد اسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔