
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں میں وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق پیپر لیس کی طرف بڑھ رہے ہیں تاکہ جدید ای ٹیکنالوجی سے مستفید ہوکر ترقی کا سفر تیزی سے طے کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز اپنے کیمپ آفس میں محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈی جی مائنز اینڈ منرلز،پی آئ ٹی بی کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ مائنز اینڈ منرلز میں مستقبلِ میں ای نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ای نیلامی کے ذریعے تمام نیلامیاں ڈیجیٹائز ہوں گی جبکہ اس میں سو فیصد شفافیت یقینی بنائ جارہی ہے۔ مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ
کان کنی اور معدنیات کی بولیوں میں ای آ کشن بہترین کردار ادا کرے گی جبکہ بولی لگانے والا منظر عام پر آئے بغیر نیلامی میں شریک ہوگا۔
آ کشن کا ایک خصوصی وقت مقرر ہوتا ہے،اسکو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ای بڈنگ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا۔مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ دیگر محکموں میں بھی یہی نظام لائیں گے کیونکہ بلا شبہ ای بڈنگ کے نظام میں خامیاں کم ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ای آ کشن کا نظام محکمہ ٹرانسپورٹ اور لائیو سٹاک میں بھی جلد متعارف کروایا جائے گا تاہم محکمہ مائنز اینڈ منرلز میں جلد از جلد ٹرائل فیس مکمل کیا جائے ۔