پاکستانسٹیصحت

مصر اور اردن فلسطینیوں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے اپنے بارڈرز کھولیں۔ پروفیسر اشرف نظامی

اب بھی عمر بن خطاب اور صلاح الدین ایوبی پیدا ہو سکتے ہیں

لاہور (خبر نگار) مصر اور اردن فلسطینیوں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے اپنے بارڈرز کھولیں۔ اِن خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی نے پی ایم اے اور لاہور کی سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام لبرٹی چوک لاہور پر فلسطینیوں کی نسل کشی اور ہسپتالوں کی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں مزید کہا کہ اسرائیل کو جان لینا چاہئے کہ اب بھی عمر بن خطاب اور صلاح الدین ایوبی پیدا ہو سکتے ہیں پھر اِن کو کہیں بھی جائے پناہ نہیں ملے گی۔ پروفیسر اشرف نظامی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ صیہونی اسرائیل کی بربریت کی وجہ سے اسرائیلی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جائے۔ اقوام عالم غزہ میں جاری جنگ کو فوری طورپر بند کروائیں اور غزہ کے عوام کیلئے ادویات اور خوراک کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سلیمہ ہاشمی نے کہا کہ فیض احمد فیض کی اہم ترین خواہش تھی کہ اُن کی زندگی میں فلسطین آزاد ہو۔ اس سلسلہ میں انہوں نے فلسطین کے راہنماء یاسر عرفات اور اُن کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جدوجہدبھی کی۔ دیگر مقررین میں اشتیاق چوہدری ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، مزدور راہنماؤں چوہدری محمد یعقوب، محترمہ روبینہ جمیل، محترمہ سیدہ غلام فاطمہ، محترمہ آئمہ محمود کے علاوہ پروفیسر ناظم شاہ، اعظم بٹ، سمال ٹریڈرز پاکستان کے صدر بابر بٹ نے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کرنے والے تمام خواتین و حضرات و ٹریڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم لوگ یہاں پی ایم اے لاہور کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی اور اُن کے ساتھیوں کی دعوت پر آئے ہیں۔ اور ہم فلسطین کے عوام پر اسرائیل کے صیہونی حکمرانوں کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے مسلم اُمہ سے کہتے ہیں کہ وہ فلسطین کے نہتے عوام کے قتل عام کو رکوانے کیلئے میدان عمل میں آئیں۔ انہوں نے کہا ہم آئندہ بھی فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button