ایس او ایس چلڈرن ویلج کے 03 معصوم بچوں کی اے ایس پی یونیفارم میں سنٹرل پولیس آفس آمد،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پیز بچوں کو سنٹرل پولیس آفس میں خوش آمدید کہا، مختلف شعبوں کا دورہ کروایا،
لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس اور ایس او ایس چلڈرن ویلج کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے، پولیس تحفظ مراکز میں آنے والے بے گھر اوربے سہارا بچوں کو ایس او ایس چلڈرن ویلج میں داخل کروایا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس افسران ایس او ایس ویلج میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ رکھیں گے اور ایس او ایس ویلج میں رہائش پذیر نوجوان بچوں کو فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بے سہارا بچوں کی مدد، کفالت اور کردار سازی میں بہترین خدمات پر ایس او ایس چلڈرن ویلج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ معصوم بچوں کی پرورش اور تعلیم کا فریضہ قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ایس او ایس ویلج کے وفد اور پولیس یونیفارم میں آئے تین معصوم بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس او ایس چلڈرن ویلج میں رہائش پذیر بچے ایک دن کیلئے پنجاب پولیس کے مہمان بن گئے،ایس او ایس چلڈرن ویلج کے 03 معصوم بچوں نے اے ایس پیز کے یونیفارم میں سنٹرل پولیس آفس کا دورہ، اے ایس پی کا یونیفارم زیب تن کئے بچوں ایان، احسن اور صائم کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات، سلیوٹ کیا،اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف، ڈائریکٹر ایس او ایس ویلج الماس بٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منزہ شیخ اور ایس ڈی پی او گلبرگ، اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی بھی بچوں کے ہمراہ تھیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پیز بچوں کو سنٹرل پولیس آفس میں خوش آمدید کہا،بچوں کو شہدا اور غازی والز سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔ آئی جی پنجاب نے اے ایس پیز بچوں کے ساتھ خصوصی پیغام ریکارڈ کروایا، مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹر سروسز اور پولیس سروس آف پاکستان کے اشتراک سے گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کا عمل ہمیشہ بہتر ہوا ہے اورا س سلسلے میں موثر کوارڈی نیشن سے اقدامات جاری رکھا جائے گا۔ بعد ازاں اے ایس پیز بچوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں شرکت بھی کی۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی لاجسٹکس، ڈی آئی جی ویلفیئر، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ٹریننگ، اے آئی جی فنانس اور ایس ڈی پی او گلبرگ بھی اجلاس میں موجود تھے، آئی جی پنجاب نے ڈائریکٹر ایس او ایس ویلج کو پولیس تحفظ مراکز کی ورکنگ بارے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے گمشدہ اور بے سہارا بچوں کو مدد و راہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فرینڈز آف پولیس اور والنٹیرز ان پولیس پروگرامز کے تحت اب تک 14 ہزار نوجوان طلبا و طالبات پنجاب پولیس کے ساتھ انٹرن شپ مکمل کر چکے ہیں اور اس پروگرام کے آئندہ بیجز میں ایس او ایس ویلج کے بچوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔