سٹیسیاستصحت

پی ایم اے کا پی ایچ سی سی کے خلاف بھر پور احتجاج

ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈاکٹر تنظیموں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 9 نکات پر اتفاق

کمیشن کو 15ستمبر تک معاملات کو فائنل کر کے معاہدے پرعملدرآمد کرنے کی مہلت دی
لاہور(خبر نگار) پاکستان میڈیکل ایسوسی پنجاب کے زیر اہتمام ہیلتھ کیئر کمیشن کی ڈاکٹر دشمن پالیسیوں اور ناعاقبت اندیشانہ رویے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔پنجاب بھر سے آئی ہوئی تمام ضلعی برانچوں کے نمائندوں نے صدر پی ایم اے پنجاب کرنل غلام شبیر کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔اس کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن کے نمائندہ ڈاکٹر عبدالقیوم، فیملی فزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر طارق میاں اور ڈاکٹر شاہد شہاب نے نمائندگی کی۔جبکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ارکان نے ڈاکٹر شعیب نیازی کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔
پی ایم اے ہاؤس لاہور سے ہزاروں کی تعداد میں ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی نکالی جو کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے باہربھرپور احتجاج اور نعرے بازی پر اختتام پزیر ہوئی۔پی ایم اے پنجاب کی طرف سے احتجاج کی کال کے نتیجے میں ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈاکٹر تنظیموں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 9 نکات پر اتفاق کیا گیا۔جس میں کمیشن کو 15ستمبر تک معاملات کو فائنل کر کے معاہدے پرعملدرآمد کرنے کی مہلت دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اگر کمیشن نے اپنے تحریری معاہدے سے انحراف کیا تو پنجاب بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
بعدازاں مقامی ہوٹل میں ڈاکٹر کنویشن کا انعقاد کیا گیا۔کنونشن کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر شاہد ملک نے انجام دیئے۔ اس موقع پر پنجاب بھر سے آئے ڈاکٹرراہنماؤں نے ہیلتھ کیئر کمیشن کی غیرقانونی کاروائیوں اور ڈاکٹر دشمن رویہ کی بھرپور مذمت کی۔اس موقع پر پی ایم اے سنٹر کے صدر الیکٹ ڈاکٹر اظہار چوہدری، پی ایم اے لاہور کے صدر پروفیسر اشرف نظامی، پی ایم اے سیالکوٹ سے ڈاکٹر صاحبزادہ مسعودالسید، ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر کامران سعید شیخ، پی ایم اے ملتان کے صدر ڈاکٹر مسعود ہراج، فیصل آباد سے ڈاکٹر عارف رائے، پی ایم اے جہلم کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، پی ایم اے گجرات سے ڈاکٹر سعود افضل، وائی ڈی اے کے صدر شعیب نیازی، پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر کرنل غلام شبیر نے کنونشن سے خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن جلد سے جلد معاملات کو طے کرے اور 15ستمبر سے پہلے انسپکشن کا عمل اور جرمانے معطل کیے جائیں۔محکمہ صحت اپنی ڈاکٹر کش پالیسیاں تبدیل کرے۔ محکمہ صحت میں ہر قسم کی نجکاری کو بند کیا جائے اور ڈاکٹروں کو دیہاڑی پر رکھنے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔محکمہ صحت سے ختم کی جانے والی جنرل کیڈر کی سیٹوں کو فی الفور بحال کیا جائے۔کنونشن کے اختتام پر پی ایم اے پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر کامران احمد نے تمام شرکاؤ اور پریس کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button