
گداگری ایک سماجی برائی ہے، اسکا سدباب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اجلاس سے خطاب
پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن،لاہور میں خصوصی سکواڈ قائم کرنے سے متعلق ہدایات جاری
لاہور(خبر نگار)
چیف سیکرٹری پنجاب نے گداگری کی روک تھام کیلئے مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات یہاں گداگری کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ گداگری ایک سماجی برائی ہے اور اسکا سدباب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم گروہ عورتوں اور بچوں سے بھیک منگوانے میں ملوث ہیں۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے اور اس سلسلے میں لاہور میں خصوصی سکواڈ قائم کئے جائیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا جائے۔ انہوں نے گداگری کی روک تھام کیلئے پولیس کو ضلعی انتظامیہ کو معاونت فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ گداگروں کی بحالی کیلئے ویلفیئر ہوم کام کر رہا ہے۔