سٹیصحت

 کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس، پانچ ہائی رسک اضلاع میں سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ

حالیہ بارشوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر

چیف سیکرٹری نے محکموں کو از سر نو ذمہ داریاں تفویض کرنے کیلئے محکمہ پرائمری صحت سے سفارشات طلب کر لیں. رواں سال ڈینگی کے 58کنفرم کیسز رپورٹ، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 63مقدمات درج، تین افرادگرفتار، اجلاس کو بریفنگ

لاہور(خبر نگار)
 حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی کے خطرہ میں اضافہ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے پانچ ہائی رسک اضلاع لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے
فیصلہ سول سیکرٹریٹ میں جمعرات کے روز منعقد کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس  میں کیا گیا جسکی صدارت صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر اور چیف سیکرٹری پنجاب نے کی۔  
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے سرگرمیاں جہاد سمجھ کر سر انجام دینی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، ہائی رسک اضلاع میں انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مرض خطرناک نہیں لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے شہروں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں،کوتاہی کی صورت میں ڈینگی وباء کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ چیف سیکرٹری نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں محکموں کو از سر نو ذمہ داریاں تفویض کرنے کیلئے محکمہ پرائمری صحت سے سفارشات بھی طلب کر لیں۔  
محکمہ پرائمری صحت کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔  انہوں نے بتایا کہ رواں سال ڈینگی کے 58کنفرم کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور اب تک 63مقدمات کااندراج اور تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں نگران وزیر اوقاف اظفر علی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔    

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button