سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے
لاہور(خبر نگار)
ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں یوم علی انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا گیا۔سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیٹ شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔شہر بھر میں ناکوں اور خصوصی چیک پوائنٹس پر گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ کی گئی۔ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس و دیگر سکواڈ ز نے موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا۔لاہور پولیس کی جانب سے یوم علیؓ کے پروگراموں کو محفوظ ترین بنانے کے لئے جلوس منتظمین اور مذہبی رہنماؤں کی باہمی مشاورت سے تمام تر ضروری اقدامات کئے گئے تھے۔ پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات تھے۔سینئر پولیس افسران نے مختلف مقامات پر مرکزی عزاداری جلوس کے پولیس سکیورٹی حصار کی خود قیادت کی اور سکیورٹی امور کوعملی طور پر مانیٹرنگ کیا۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ ،
ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر سمیت سینئر پولیس افسران نے مرکزی عزاداری جلوس کے روٹ، امام بارگاہوں سمیت اہم مقامات کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات چیک کئے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے میٹرو بس ٹریک کربلا گامے شاہ پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کے ہمراہ عزاداری جلوس کا معائنہ کیا۔انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات دیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اپنے کمانڈر بلال صدیق کمیانہ کو عملی طور پر سکیورٹی ڈیوٹی میں حصہ لیتے دیکھ کر پولیس فورس کا مورال بلندرہا۔لاہور پولیس کے مربوط اور موثر انتظامات کی وجہ سے یوم علی پرامن گذرا۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے سکیورٹی اور ٹریفک کے بہترین انتظامات پر ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر اور سی ٹی او مستنصر فیروز کی کارکردگی کو سراہا اور لاہور پولیس کو شاباش دی۔قبل ازیں سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے یومِ شہادت علیؓ کے مرکزی جلوس کے روٹ کادورہ کیا اور شرکاء کے لئے چیکنگ میکانزم، سکیورٹی، ٹریفک ، پارکنگ و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایس پیز،ڈی ایس پیز اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔سی سی پی او لاہور نے متعلقہ پولیس افسران کو یوم علیؓ کے جلوس کے شرکا ء کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ،سیف سٹیز اتھارٹی اوردیگر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ٹیم کے طور پر کام کیا۔جلوس کے شرکاء کو تین درجاتی حصار پر مبنی حفاظتی سکیورٹی فراہم کی گئی۔سرچ آپریشنز،۔سویپ چیکنگ،جیو ٹیگنگ اور بائیو میٹرک تصدیق پر سختی سے عملدرآمد کروایا گیا۔شہریوں نے بھی یوم شہادت علیؓ کو پر امن اور محفوظ بنانے کے لئے لاہور پولیس سے بھرپور تعاون کیا۔