راولپنڈی ڈویژن میں انتظامیہ کی کاکردگی بہترین رہی، کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں پیش آیا، ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے راولپنڈی اور واہ کینٹ میں مفت آٹا مراکز کے دورے کئے۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ بھی انکے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر راولپنڈی میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن، اڈیالہ روڈ، چوڑ چوک، نصیر آباد اور ٹیپو روڈ پر قائم مفت آٹا پوائنٹس پر گے۔ انہوں نے آٹے کی کوالٹی اور وزن بھی چیک کیا اور شہریوں سے بھی گفتگو کی۔صوبائی وزیر نے آٹا پوائنٹس پر قائم ریسکیو اور معلومات ڈیسک کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں آٹے کی تقسیم کا ٹارگٹ بآسانی حاصل کر لیا جائے گا اور اتوار بتاریخ 16 اپریل آٹے کی تقسیم کا آخری دن ہے لہذا تمام مراکز رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 24 رمضان تک راولپنڈی میں 33 لاکھ آٹے کے بیگ تقسیم ہو چکے ہیں جبکہ 36 لاکھ بیگز کی تقسیم کا ٹارگٹ تھا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پوری ڈویژن میں آٹا تقسیم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں پیش آیا، تمام انتظامات بہترین رہے جس کیلئے انتظامیہ تعریف کی مستحق ہے، تمام افسران اور عملہ نے دلجمعی سے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ اور کم آمدن افراد کو تین بیگز فراہم کئے گے ہیں اور حکومت کے اس عوام دوست اقدام سے غریب عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے کہا کہ مفت آٹا تقسیم مراکز میں نظم و ضبط قائم رکھا گیا ہے اور ریسکیو 1122، شہری دفاع، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، آر ایم سی اور دیگر محکموں نے دلجمعی سے کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے مفت آٹا مراکز پہ بزرگ شہریوں اور معذوروں کی خدمت کی ہے اور ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان اپنے کندھوں پر آٹے کے تھیلے اٹھا کر بزرگ اور خصوصی افراد کو دیتے رہے ہیں۔