شہری اب صرف اپنے قومی شناختی کارڈ، مجوزہ فیس کی ادائیگی اور ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرکے لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک لائسنس کے حصول میں شہریوں کی سہولت کیلئے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس اجراء کے عمل کو پیپر لیس کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا ڈرائیونگ لائسنس اجراء کے عمل میں پرانے طریقہ کار فائل سسٹم کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ شہری اب صوبے کے کسی بھی ٹریفک دفتر یاپولیس خدمت مرکز میں صرف اپنا قومی شناختی کارڈ لے جا کر اور مجوزہ فیس جمع کروا کر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شناختی کارڈ، پاسپورٹ، تصاویر سمیت کسی دستاویز کی کاپیاں یا فائل ساتھ لے جانے کی ضرورت اب نہیں ہو گی، ٹریفک پولیس پنجاب کا جدید انٹی گریٹڈ سسٹم تمام امور کو خود ہی انجام دے گا اور قواعد و ضوابط کے مطابق شہری بغیر کسی سفارش اور پریشانی بآسانی اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے جبکہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے ٹریفک پولیس کی گاڑی کی بجائے شہری اپنی گاڑی پر بھی دے سکیں گے، تاہم ہر ڈرائیونگ ٹیسٹ کی ویڈیو ریکارڈنگ ہو گی اور پولیس ریکارڈ کا حصہ بنائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک لائسنس کے اجراء کو شہریوں کیلئے مزید آسان بنانا ہے تاہم صوبے کے زیادہ سے زیادہ شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس باآسانی حاصل کرسکیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اس وقت پنجاب میں اڑھائی کروڑ سے زائد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں موجود ہیں جبکہ لائسنس صرف 45 لاکھ لوگوں کے پاس ہیں، اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں 75 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں موجود ہیں جبکہ لائسنس صرف 7 یا 8 لاکھ شہریوں نے حاصل کر رکھے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مشکل کام سمجھتے ہوئے زیادہ تر شہری لائسنس نہیں بنواتے تھے تاہم اب یہ مشکل آسان کر دی گئی ہے اور سسٹم آسان کرنے کے ساتھ ساتھ لائسنس سنٹرز کے اوقات کار کو بڑھا دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبے بھر کے پولیس خدمت مراکز میں ڈرائیونگ لائسنس اجراء کی سہولت دے دی گئی ہے، صوبے کے بڑے شہروں میں شہری ہفتے کے ساتوں روز 24/7 جبکہ چھوٹے شہروں کے پولیس دفاتر میں ڈبل شفٹ میں یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا پر جاری افسران و شہریوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبے کے تمام لائسنسنگ سینٹرز میں کیومیٹک سسٹم رائج کیا جارہا ہے اور پیپرلیس ورکنگ سے ٹاؤٹ مافیا کا بھی مکمل خاتمہ ہوگا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ عزت دارانہ طریقہ سے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ہر شہری کابنیادی حق ہے جو اسے فراہم کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لائسنس کے بغیر گاڑیاں چلانے والے لاکھوں شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ پنجاب پولیس کو خدمت کا موقع دیں اورصوبہ بھر میں کسی بھی پولیس دفتر یا خدمت مرکز سے بغیر پریشانی، سفارش یا رشوت کے بغیر اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔