
خدشہ ہے کہ سیاست دانوں کی ہٹ دھرمی غیر جمہوری قوتوں کی راہ ہموار نہ کر دے. سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پہلے کامیاب ہو ئی اور نہ ہی اب کامیاب ہو سکتی ہے
لاہور (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مشن ملک و قوم کو بحرانی کیفیت سے نکالنا ہے۔اضطراب کی فضا نے عوام میں مایوسی کو بڑھا دیا ہے۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی قیادت کو ذمہ دارانہ کر دار ادا کرنا ہو گا۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول میں گرما گرمی کا نقصان صرف اور صرف قوم کو ہو گا۔ عدم برداشت ملکی استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا قومی کردار ادا کریں اور سیاسی پارہ نیچے لایا جائے۔آئین و قانون کا احترام کرتے ہوئے ملک میں تمام الیکشن ایک دن ہونے چاہییں اور اس کے لئے ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔کہیں ایسا نہ ہو کہ سیاست دانوں کی ہٹ دھرمی غیر جمہوری قوتوں کے لئے راہ ہموار کر دے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔سیاسی اختلافات کی بنیاد پر قوم میں تفریق خطرناک اور ملکی سلامتی کو داو پر لگانے کے مترداف ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان سیاسی چپلقش کا خمیازہ عام آدمی بھگت ر ہا ہے۔ افراتفری اور انتشار سے عوامی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگی۔ملک میں سیاسی استحکام لانا ہو گا۔کوئی بھی سیاسی جماعت تنہا موجودہ بحرانوں سے نمبردآزما نہیں ہو سکتی،اس کے لئے ضروری ہے کہ سب مل کر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پہلے کامیاب ہو ئی اور نہ ہی اب کامیاب ہو سکتی ہے۔







