سٹیصحت

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں پیڈریاٹک نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ کاافتتاح

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں انشاء اللہ جلد نیونیٹل کی سہولیات بھی فراہم کریں گے۔نگران وزیرصحت پنجاب

لاہور(خبر نگار) نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں پیڈریاٹک نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ کاافتتاح کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز،پروفیسرآصف بشیر اور ان کی ٹیم موجودتھی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اس موقع پرپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزکے مختلف وارڈزکا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت بھی کی اور طبی سہولیات کے معیاربارے دریافت کیا۔
نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے پیڈریاٹک نیوروسائنسز ڈیپارٹمنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر حاضرین سے اپنے خطاب میں کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں پیڈریاٹک نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ کے آغازپربہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔چلڈرن ہسپتال لاہور کے بعداب پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں 16سال کے کم عمربچوں کی دماغی سرجری ممکن ہوپائے گی۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ ڈاکٹراپنے مریض کی ذات پات،مذہب اور رنگ و نسل سے بالاترہوکرخدمت کرتاہے۔ ماضی میں سینئرسیاستدان جاویدہاشمی کو فالج کی صورت میں یہاں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں کم عمر بچوں کی دماغی سرجری ایک خواب تھا جوآج پوراہوگیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں انشاء اللہ جلد نیونیٹل کی سہولیات فراہم کریں گے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں ایران اور افغانستان سے بھی مریض دماغی سرجری کیلئے آتے ہیں۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ یہ اختیارات ہمارے پاس اللہ پاک کی امانت ہیں۔ افسوس کے ساتھ والدین کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل دے کرروڈپربھیج دیتے ہیں۔بچے والدین کے پاس اللہ پاک کی جانب سے امانت ہیں اس میں غیرذمہ دارانہ رویہ اختیارکرکے خیانت مت کریں۔روڈ ایکسیڈیڈنٹ کی صورت میں معصوم بچوں کوعمربھرکی معذوری کا سامناکرناپڑتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ انشاء اللہ جلد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں پیدائشی طور پردماغی امراض میں مبتلا بچوں کا علاج بھی شروع کیاجائے گا۔

صوبائی وزیرصحت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزکو اقدامات اور ریسرچ کے حوالے سے اپنا جریدہ شائع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ایگزیکٹوڈائریکٹرپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزنے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں ہرآنے والے مریض کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں 500بستروں کے ذریعے مریضوں کی خدمت جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ نئے قائم ہونے والے پیڈریاٹک نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ میں مریضوں کو 24گھنٹے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔پروفیسرآصف بشیرنے کہاکہ خدمت خلق عین عبادت ہے۔انشاء اللہ پیڈریاٹک نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button