غازی طارق محمود جیسے بہادر جوان پنجاب پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔دلیر اور فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی،علاج معالجے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پنجاب پولیس کے غازیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے ڈاکوؤں سے مقابلے میں مستقل معذور ہونے والے پولیس اہلکارطارق محمود کو دفتر مدعو کیا۔ آئی جی پنجاب نے غازی کانسٹیبل طارق محمود کو ہیڈ کانسٹیبل کے رینک لگائے اور غازی طارق محمود سے علاج معالجے اور ویلفیئر بارے آگاہی حاصل کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ غازی طارق محمود جیسے بہادر جوان پنجاب پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کی خاطراپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کر جوانمردی سے فرائض ادا کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے تمام دلیر اور فرض شناس اہلکاروں کے علاج معالجے اور بحالی کیلئے میڈیکل سہولیات سمیت ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ وہ جلدازجلد صحت یاب ہوکر اپنے فرائض عمدگی سے ادا کرسکیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل طارق محمود گلشن راوی لاہور میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے تھے، طارق محمود کو گردن کے پچھلے حصے میں گولی لگی جس سے ان کے دو مہرے میں خلل کی وجہ سے جسم کا نچلا دھڑ مفلوج ہو چکا ہے۔