
پاکستانی نوجوان تعلیم کے میدان میں دنیا بھر میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں، پیٹرک برائون، میئر بریمپٹن
لاہور (خبر نگار)بریمپٹن، کینیڈا کے میئر پیٹرک براؤن نے حکومتی اور تجارتی شخصیات کی وفد کے ساتھ پنجاب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دن گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین ایس ایم عمران اور پنجاب کی تجارتی برادری سے اہم ملاقات کی اور پنجاب اور بریمپٹن کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ دن گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین کی جانب سے منعقد کی گئی اس اہم ملاقات کے موقع پر کینیڈین وفد اور پنجاب کی کاروباری برادری کے درمیان بات چیت کا ایک طویل دور چلا جس کے دوران شرکاء کی جانب سے پنجاب کی معاشی ترقی اور یہاں موجود کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع پر کھل کر گفتگو کی گئی۔ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پنجاب دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو یہاں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی دعوت دیتا ہے ۔
کینیڈا کے شہر بریمپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے ایس ایم عمران کی جانب سے گرم جوش خیر مقدم کا شکریہ ادا کیا اور کینیڈا اور پنجاب کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کے اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سٹارٹ اپس، خواتین کی انٹرپرینیورشپ ، آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ میئر براؤن کا کہنا تھا کہ آئی ٹی اور خواتین کی جانب سے کاروبار کے آغاز اور اس کو کامیابی کے ساتھ چلانے جیسے عوامل سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے نہایت اہم ہیں ۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔







