شرپسند عناصر نے پرتشدد کاروائیوں کے دوران 145 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو شدید زخمی کیا۔ترجمان پنجاب پولیس
لاہور(خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر پنجاب بھر میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کاروائیوں میں ملوث شر پسند اور قانون شکن عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور صوبہ بھر میں پولیس ٹیمیں سرکاری املاک پر حملوں،توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیموں نے مزید 435 سے زائد شر پسند عناصرکو گرفتارکیا جس کے بعد مختلف اضلاع سے گرفتار شر پسند و قانون شکن عناصر کی تعداد 1380 سے زائد ہو گئی،ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پرتشدد واقعات کے تمام شواہد اور دستیاب فوٹیجز کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اور ویڈیو فوٹیجز، سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجا ب پولیس نے کہاکہ شرپسند و قانون شکن عناصر کا تمام ریکارڈ انکے کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج کیا جا رہا ہے،مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے شرپسند عناصر کو نہ تو غیر ممالک کا ویزہ اور نہ ہی ملازمت مل سکے گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج تفصیل کی بدولت شرپسند بیرون ملک تعلیمی اداروں میں ایڈمیشن اور امیگریشن بھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ سرکاری املاک، پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور تمام شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق شرپسند عناصر نے صوبہ بھر میں پرتشدد کاروائیوں کے دوران 145سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو شدید زخمی کیا اورپنجاب پولیس کی 60 سے زائد گاڑیاں تباہ و نذر آتش کر دیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر سے 945 قانون شکن و شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیاجس کے بعد مزید 435 سے زائد شر پسندوں کوبھی گرفتار کیا گیا۔ مظاہرین 14 سے زائد سرکاری عمارتوں پر حملہ آور ہوئے، لوٹ مار اور سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا،آئی جی پنجاب نے کہاکہ ریاست و قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی جاری ہے اور شہریوں،پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی کرنے،املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بدھ کی علی الصبح سروسز ہسپتال کا دورہ کیاا ور مشتعل مظاہرین کے پتھراؤ اور تشدد سے زخمی ہونے والے ہسپتال میں زیر علاج افسران و اہلکاروں کی عیادت کی۔سینئر پولیس آفیسرزبھی ان کے ہمراہ تھے،آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ڈاکٹر عثمان انور نے فرداً فرداً زیر علاج ڈی ایس پی، ایس ایچ اوز سمیت تمام زخمی افسران و اہلکاروں کی عیادت کی اور زیر علاج تمام افسران و اہلکاروں کی خیریت دریافت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ڈاکٹر عثمان انور کی ڈاکٹروں کو زیر علاج افسران و اہلکاروں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور املاک کی حفاظت کے دوران جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے بہادر اور فرض شناس افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قانون کی پاسداری اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔