صارفین کے ساتھ خراب رویہ قطعا ًبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر
لاہور (خبر نگار)
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ صارفین کمپنی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں جن کے باعث لیسکو لوگوں کے گھروں میں روشنیاں بکھیر رہی ہے۔ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں تمام فنکشنل ہیڈز کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ لیسکو افسران کا پہلا اور اولین فرض اپنے معزز صارفین کے ساتھ اخلاق سے پیش آنا ہے اور اس فرض میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنے اخلاق اور صارفین کے ساتھ اپنا رویہ بہتر بنائیں وگرنہ صورت ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان کی جانب سے شروع کئے گئے کھلی کچہریوں کے سلسلے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارے کچھ افسران صارفین کے ساتھ ناروا سلوک کرتے ہیں جو قطعاً برداشت نہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا تھاکہ ہم نے گزشتہ روز ایسی ہی شکایات کے پس منظر میں دو افسران کو معطل کیا ہے۔ لیسکو چیف نے تمام فنکشنل ہیڈز کو ہدایت جاری کیں کہ اپنے زیر انتظام تمام افسران و ملازمین کی جانب سے صارفین کے ساتھ بہترین رویوں کو یوینی بنائیں۔