وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس نے ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیل سے غور کیا۔ وزیر قانون نے عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں قانونی طور پر گرفتاری اور پھر سپریم کورٹ کے حکم پر رہائی سے متعلق کابینہ کو بریف کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے حساس ریاستی اداروں،جناح ہاؤس، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، قومی نشریات رکوانے، سوات موٹروے،ریڈیو پاکستان سمیت دیگر املاک اور گاڑیوں کو جلانے مریضوں کو اتار کر ایمبولینسز کو جلانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی یہ دہشت گردی اور ملک دشمنی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی کابینہ نے کہا کہ 75 سال میں پاکستان کا دشمن جو نہ کرسکا، وہ کام ایک شرپسند فارن فنڈڈ جماعت اور اس کے لیڈرز نے کر دکھایا ہے۔