وکلاء اپنے پیشے کو مقدس جانتے ہوئے سائلین کی رہنمائی کریں تو عدالتوں میں آنیوالےچالیس فیصد کیسسز عدالتوں میں داخل ہونے سے پہلے ہی حل ہو جایئں؛ جسٹس (ر) حسنات احمد خان
لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف لاء اینڈ پالیسی (SLP) کے زیر اہتمام جوہر ٹاؤن کیمپس میں پہلے انٹرا سکول لاء موٹ کورٹ مقابلوں 2023 کا انعقاد کیا گیا جس میں جسٹس (ر) حسنات احمد خان، جسٹس (ر)جمشید رحمت اللہ، سید حامد حسین (ر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سمیت قانونی ماہرین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
یو ایم ٹی سکول آف لاء اینڈ پالیسی (SLP) کے شرکاء نے لاء موٹ کورٹ میں پیچیدہ قانونی مسائل پر ججز پینل کے سامنے اپنے دلائل پیش کیے جہاں ججز نے وکالت کے طلباء کی غیر معمولی مہارتوں کا مشاہدہ کیا اور سراہا۔
ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انکا کہنا تھا کہ انٹرا سکول لاء موٹ کورٹ مقابلے یو ایم ٹی کے لاء سٹوڈنٹس کی صلاحیتیں اور فیکلٹی کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ریکٹر یو ایم ٹی نے کہا، ”اس طرح کے مقابلے ہمارے طلباء کے لیے وکالت کی مہارتوں کو فروغ دینے اور کمرہ عدالت میں عملی تجربہ حاصل کرنے کے لیے انکی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ”۔
ڈین سکول آف لاء اینڈ پالیسی ڈاکٹر کاشف زیدی نے بتایا کہ یو ایم ٹی کے سکول آف لاء اینڈ پالیسی میں تجربہ کار فیکلٹی ممبران طلباء کی بہترین صلاحیتوں کے مطابق رہنمائی اور تربیت کرتے ہیں۔ انہوں نے اظہار کیا کہ اس طرح کے پلیٹ فارمز قانون کے طالب علموں کو قانونی تحقیق، وکالت اور تنقیدی سوچ میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرکے انکو مزید نکھارنے میں قلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) حسنات احمد خان اور دیگر ججز نے یو ایم ٹی لاء کے طلباء کی خود اعتمادی کوسراہا۔قانونی پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ا نکا کہنا تھا کہ وہ اپنے کام کو پوری ذمہ داری اور اخلاقیات کے احساس کے ساتھ کریں۔ ا نکا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر اور وکلاء کا پیشہ مقدس ہے، وکلاء لوگوں اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔
جسٹس (ر) حسنات نے کہا کہ علم کو انگلیوں پر حفظ کیا جانا چاہیے، وکلاء کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ اپنے مؤکلوں کی مؤثر نمائندگی کریں اور دلائل درستگی کے ساتھ پیش کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وکلاء کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عمل میں سچائی تلاش کریں اور انصاف کو فروغ دیں.
تقریب کے اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے مہمانانِ خصوصی کو سووینئرز بھی پیش کیے۔