کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا ایل ڈی اے ایونیو ون کا دورہ،مختلف بلاکس اور ون ونڈوسیل کا جائزہ لیا

ایونیو ون کے ”ون ونڈو سیل“ کو اپ گریڈ کرکے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس کا عملہ تعینات کیاجائے اورکیومیٹک مشین فوری نصب کی جائے۔کمشنر لاہور
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور و ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی رندھاوانے ایل ڈی اے ایونیو ون کا دورہ کیا اور ایونیو ون کے مختلف بلاکس اور ون ونڈو سیل کا دورہ کیا۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے کے بلاک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنرلاہور نے کہا کہ ایونیو ون میں ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے۔ سکیم کی خوبصورتی اور رہائشیوں کو بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی طرز پر اقدامات کیے جائیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوانے ایونیو ون کی ون ونڈو کو ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو سیل میں متعلقہ تمام ڈائریکٹوریٹس کا عملہ تعینات کیاجائے اور کیومیٹک مشین فوری نصب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی اور ایونیو ون سے متعلقہ سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے ون ونڈوسیل میں آئے شہریوں سے سروسز کی فراہمی بارے فیڈ بیک بھی لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی سے متعلقہ تمام عملہ یہاں موجود رہے۔

بعد ازاں کمشنر لاہور نے ایونیو ون کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کی اور ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی میں ہونے والی ڈویلپمنٹ کا جائزہ لیا ۔ڈائریکٹر ایل ڈی اے ایونیو ون ریحان اطہر اور ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی خرم یعقوب نے کمشنر لاہور کو متعلقہ امورپرتفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں چیف انجینئر اسرار سعید ، ایڈیشنل ڈی جی ہاوسنگ سید منور بخاری ، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر عمران علی ، چیف ٹاون پلانر شکیل انجم منہاس، ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈائریکٹر لائ، ایل ڈی اے ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی کے افسران بھی شریک ہوئے