پاکستانجرم و سزاسٹی

پنجاب پولیس نے یوم شہداء پولیس روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، صوبہ بھر میں شہداء کے اعزاز میں خصوصی تقاریب کا انعقاد

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے الحمرا ہال میں 50شہداء پولیس کے بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم کیلئے جدید ترین لیپ ٹاپس مہیا کئے۔

2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کی فیملیز کیلئے خصوصی تحفہ،جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 68 فیملیز کو پلاٹ ملیں گے، ایم او یو سائن

لاہور(خبر نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں پنجاب پولیس نے یوم شہداء پولیس روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، دن کا آغاز صوبہ بھر میں پولیس شہداء کی قبروں پر سینئر پولیس افسران کی حاضری سے ہوا، تمام اضلاع میں شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے،سینئر افسران نے شہداء کے ورثاء سے ملاقات کرکے اظہار یک جہتی کیا۔ یوم شہدائے پولیس کی مرکزی تقریب الحمرا ہال لاہور میں منعقد ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے50شہداء پولیس کے بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے جدید ترین لیپ ٹاپس مہیا کئے۔ آئی جی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی جی پنجا ب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا آرڈر شہداء پولیس کے بچوں کی محکمہ میں بھرتی کا جاری کیا، فورس کی ویلفیئر پر 65 لاکھ روپے روزانہ خرچ کر رہے ہیں، مستقبل میں اس رقم میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ یوم شہداء پولیس پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثا کے لئے خصوصی تحفہ دیا جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں نجی اسٹیٹ ڈویلپر کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے تحت جنوبی پنجاب کے نجی اسٹیٹ ڈویلپرز مختلف اضلاع میں 2017سے قبل کے پولیس شہداء کی فیملیز کو 68 پلاٹ گفٹ کریں گے،پولیس شہداء کی فیملیز کو وہاڑی میں 25، بہاولپور 05، بہاولنگر 10، فیصل آباد میں 03، ساہیوال میں 10 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 15 پلاٹ دئیے جارہے ہیں،سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی اسٹیٹ ڈویلپر کے چیئرمین نے ایم او یو پر دستخط کئے۔آئی جی پنجاب نے پلاٹس کے بعد اگلے مرحلے میں گھروں کی تعمیر کیلئے شہداء کی فیملیز کو محکمہ ہر ممکن مالی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ یوم شہدائے پولیس پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں شہداء پولیس کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔آئی جی پنجاب اور سی پی او کے سینئر پولیس افسران نے شہداء پولیس کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی،ملک و قوم کی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور شہداء پولیس کوبھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہداء پولیس کو سلامی پیش کی، سنٹرل پولیس آفس میں شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یادگار شہداء بنائی گئی ہے۔شہداء وال پر پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے نام سنہری الفاظ میں کندہ کئے گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ-1 ڈاکٹر انعام وحید خان، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ-2 ذیشان اصغر، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر ضیا راؤ، کمانڈنٹ پی سی عمران ارشد سمیت سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔
الحمرا ہال میں شہداء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ارفعہ کریم ٹاور دھماکہ میں شہید ہونے والے دو کانسٹیبلز بھائیوں کے والد چوہدری منظور، کانسٹیبل ظفر اقبال شہید کی بیٹی زینب ظفر، رائے ونڈ اجتماع میں شہید سب انسپکٹر منظور احمد کی بیوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس شہدا کی فیملیز، پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، لاہور پولیس کے آرکسٹرا نے قومی ترانے کی دھنیں بکھیر کر شرکا کو گرما دیا،پنجاب پولیس کے بینڈ نے شہدا کی فیملیز کو سلامی پیش کی،کانسٹیبل ظفر اقبال شہید کی بیٹی زینب ظفر اور شہید انسپکٹر مصدق حسین کی بیٹی ھادیہ نے شہداء پولیس کی بے مثال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا جس کے بعد آئی جی پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قسم ہے اس وقت کی جب آپ ڈیوٹی کے لئے نکلتے ہیں، قسم ہے اس وقت کی جب ملک و قوم کی حفاظت کے لئے آپ کا خون اس ارض پاک پر گرتا ہے،ہم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آج 2017 سے پہلے کے شہید کے ورثا کے لئے گھر کا وعدہ بھی پورا ہو رہا ہے،شہدا کلیم پر 800 بھرتیاں ہو چکی ہیں، ہر شہید کے بچے کو 10 نمبر اضافی دیے رہے ہیں، ہم نے شہدا کے ورثا کی بہبود کے لئے اپنی تنخواہوں سے انڈوومنٹ فنڈ بنایا،ہر شہید کے بچے کو نوکری دیں گے، ویلفیئر کے پیسے سے آج شہدا کے بچوں کو لیپ ٹاپ دے رہے ہیں،ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ دوران سروس حادثات کا شکار ٹریفک افسران اور دیگر پولیس ملازمین کو 01 کروڑ روپے ملیں گے۔روزانہ شہداء اور پولیس فورس کی ویلفیئر پر 65 لاکھ روپے خرچ کر رہے ہیں، پولیس ملازمین اور اہل خانہ کے علاج معالجے کے لئے بہترین ہیلتھ اداروں سے معاہدے کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ویلفیئر کے ان اقدامات کے بدلے میں پولیس اسٹیشن میں انصاف دیں، تھانوں کو صاف رکھیں، ٹریفک لائسنسنگ کی سہولیات دیں، شہریوں کو عزت و احترام دیں، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو 01 کروڑ لوگوں کا ڈیٹا دے رہے ہیں، ان سے ہماری خدمات بارے پوچھیں،ہم نے ایک ایک زخمی جوان کا خیال رکھنا ہے،نہ ہم شکست مانتے ہیں نہ مانیں گے،ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ خدمت مراکز، تھانوں، لائسنسنگ سنٹرز، کچہ کے علاقے اور سڑکوں، گلیوں میں فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی اسٹیٹ ڈویلپر کے چیئرمین نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اور نجی تعمیراتی گروپ کے ساتھ ہونے والا معاہدہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔2017ء سے قبل کے جن شہداء کی فیملیز کے پاس گھر نہیں تھے ان کو ذاتی چھت دلانے کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے، نہایت خوشی کا دن ہے کہ آج یوم شہداء کے موقع پر اس احسن کام کو عملی طور پر شروع کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی کو یہ تاریخی کام سر انجام دینے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے کار خیر میں حصہ ڈالنے پر چئیرمین نجی اسٹیٹ ڈویلپر رانا طاہر کریم کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔ تقریب میں نجی تعمیراتی گروپ کے چیئرمین رانا طاہر کریم سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے یوم شہداء پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہاکہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

پنجاب پولیس کے 1600 بہادر شہداء نے امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء پولیس نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا، اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قرببان کرنے والے شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہادت کا عظیم مقام حاصل کرنے والے ان عظیم سپوتوں کی فیملیز کو بھی میرا سلام،بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے،خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button