
اوور لوڈنگ کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے پر تبادلہ خیال
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر لائیو سٹاک ، ٹرانسپورٹ اور مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ اوور لوڈنگ کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو اعتماد میں لیکر آگے بڑھیں گے تاکہ سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچایا جا سکے اور روڈ ایکسیڈنٹ سے بھی بچا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے اپنے دفتر میں پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کے صدر تنویر احمد جٹ سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ تنویر احمد نے صوبائی وزیر کوبتایا کہ این ایچ اے سیفٹی آرڈیننس 2000 پر عملدرآمد یقینی بناکر سڑکوں کی مرمت پر خرچ ہونیوالے سالانہ 75 ارب روپے میں خاطر خواہ کمی کی جا سکتی ہے جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق سالانہ 26 ہزار اموات سڑکوں پر ایکسیڈنٹ کی وجہ سے ہوتی ہیں ۔ صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت ایکسل لوڈ لاء جو کہ اوور لوڈنگ کے تحت بنا تھا، اس پر عملدرآمد یقینی بنائے گی اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائ جائے گی۔







