
لاہور(خبرنگار) پیپلز فرینڈ شپ یونیورسٹی ماسکو،جو کہ روس کی معروف اور بڑی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے،کے وفد نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر گولڈن رنگ اکنامک فورم حسنین مرزااور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر عبداللہ خان درانی نے وفد کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی روس اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلیمی تعلقات کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ معیار کی اعلیٰ تعلیم دی جاتی ہے لہٰذا پاکستانی یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ وہ روسی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلقات استوار کریں تاکہ ان کے جدید علم اور تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ہیڈ سنٹر فار ڈائریکشن اینڈ ریگولیشن آف سائینٹیفک پراجیکٹس کارپوریشن مسٹر شیاپوف تیمور الہامووچ اور ڈپٹی ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ انٹرنیشنل افیئرز مس انا ولادیمیروونا پوپکوانے امید ظاہر کی کہ دونوں ادارے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ وہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے آئے ہیں۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کو سراہا۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کو سووینئرزپیش کئے گئے۔







