پاکستانتعلیمسٹی

پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلباء کے ساتھ رابطہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ڈائریکٹر ایلومینائی ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری

لاہور (خبرنگار)پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس نے پنجاب یونیورسٹی کے 132 ویںجلسئہ عطائے اسناد میں بھرپور شرکت کی اور اپنی ٹیم کے ہمراہ سابق طلباء کے ساتھ یونیورسٹی کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے ویژن کا اعادہ کیا۔ میڈیا کو جاری پریس ریلیز کے مطابق، سابق طلباء کی نیٹ ورکنگ اورپیشے کی اہمیت کو پہچاننے کے لیے پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس نے اپنے سابق گریجوئیٹس کو ڈیٹا بیس میںرجسٹرڈ کیا ، سابق طلباء نے پنجاب یونیورسٹی خاندان کا حصہ بننے میں گہری دلچسپی لی اور طلباء، گریجویٹس اور یونیورسٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔جبکہ یونیورسٹی نے ویب سائٹ کو بہتر بناکر دنیا بھر کے سابق طلباء تک پہنچنے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس سابق طلباء تک پہنچنے کے لیے بہتر مواصلاتی ذرائع تیار کرنے پر کام کر رہا ہے۔اس سلسلے میں ہر شعبہ کے فوکل پرسن کو سابق طلباء کے معاملات کو منظم کرنے اور مرکزی سابق طلباء کے دفتر کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔پنجاب یونیورسٹی کے 132ویں جلسئہ عطائے اسناد کی صدارت گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کی جس میں نگران وزیر تعلیم منصور قادرنے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر قائمقام وائس چانسلر اور ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ میٹریلز انجنئیرنگ پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی، ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیزپروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی ، ڈین فیکلٹی آف بزنس ، اکنامکس اینڈ ایڈمنسٹریٹیو سائنسز اورڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے مہمانوں کااستقبال کیا۔تقریب میں پنجاب یونیورسٹی رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، کنٹرولر امتحانات محمد رؤف نواز، خزانہ دار تسنیم کامران سمیت سینیٹ اور سنڈیکیٹ کے اراکین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ یہ پنجاب یونیورسٹی کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ تمام شعبہ جات/ اداروں سے مجموعی طور پر 1100گریجویٹس کو ان کے اعزازات سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس نے اس تقریب میں کچھ ممتاز سابق طلباء کو مدعو کیا جن میں آئی جی پنجاب جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ ، سفیر (ریٹائرڈ) جناب عبدالمتین، ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ اور ممبر سنڈیکٹ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ، وائس کمشنر پی ای ایس ایس آئی ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرمین اللہ والے ٹرسٹ شاہد لون، ایڈوائزر یو ایم ٹی اورک اور نیشنل بینک آف پاکستان کے سابق نائب صد ڈاکٹر جمیل احمد خان، سی ای او رضا ایسو سی ایٹس اسد رضا، اینکر و تجزیہ کار ڈاکٹر فرحان خان عباسی ،اسسٹنٹ مینجر نشاط ملز جناب نوید القمر، ایگریکلچر آفیسر شعبہ زراعت تہمینہ بہار ، ایگریکلچر آفیسر ڈائریکٹوریٹ جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزقندیل فاطمہ،، رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد اور مشیر اور سابق ڈائریکٹر میڈیپک فارماسیوٹیکل لمیٹڈ ناصر جاوید چوہدری شامل تھے ۔ڈاکٹرممتاز انور چوہدری نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس کا ویژن تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی فائدے کے لیے سابق طلباء کی مصروفیت کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ141سال پرانی تاریخ کی حامل پنجاب یونیورسٹی خطے میں اعلیٰ تعلیم کی قدیم ترین درس گاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلباء اعلیٰ ترین اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، عالمی معیار کے کاروبار قائم کر رہے ہیں اور ریکارڈ توڑ سنگ میل حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس غیر تسلیم شدہ ٹیلنٹ کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور سابق طالب علموں کو ان کی برسوں کی تعلیم کے ساتھ ان کے الما میٹر میں واپس لانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ سابق طلباء ایک قابل فخر منفرد اثاثہ ہیںجو طلباء کو کیرئیر سپورٹ اور مستقبل کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں اور اسکالرشپ اور فنڈ ریزنگ کے لیے ایک اچھا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان فرق کم ہوگا بلکہ مزید طلباء اور گریجویٹس کو کامیابی کی سیڑھی چڑھنے کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button