پاکستانجرم و سزا

آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی جانب سے بہترین پرفارمنس پر افسران و اہلکاروں کے لیے نقد انعامات وتعریفی اسناد۔

شیخوپورہ اور سرگودھا ریجنز کے33افسران واہلکاروں کومختلف واقعات پر سی سی ون اور نقد انعامات سے نوازا۔
مصطفی آباد قصور میں پانچ سالہ بچے کے اندھے قتل میں ملوث ملزمہ قلیل وقت میں گرفتار کرنے پرایس پی انویسٹی گیشن قصور اور ٹیم کو شاباش
آئی جی پنجاب نے اس وقت تعینات ایس پی انویسٹی گیشن قصور عبدالوہاب خان کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا۔
بھکر میں سب انسپکٹر محمد حیات خان کو شہید کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے پر تین اہلکاروں کو شاباش اور نقد انعامات
شاہ کوٹ میں ڈکیتی کی دو وارداتوں میں دوکانداروں کو قتل کرنے والے ملزمان کی گرفتاری پرتفتیشی ٹیم کو شاباش اور نقد انعام
قصور میں جرائم کی مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزمان کو گرفتار کرنے والے 7 سب انسپکٹرز کوبھی انعامات دئیے گئے۔

لاہور(خبر نگار) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ ریجن کے اضلاع قصور اور ننکانہ صاحب اور سرگودھا ریجن کے ضلع بھکر میں مختلف واقعات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 33افسران واہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد قصور میں پانچ سالہ بچے کے اندھے قتل میں ملوث ملزمہ کو انتہائی کم وقت میں گرفتار کرنے پرایس پی انویسٹی گیشن قصور اورانکی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے اس وقت تعینات ایس پی انویسٹی گیشن قصور عبدالوہاب خان کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا جبکہ واقعہ کی تفتیش اور ملزمہ کو گرفتار کرنے والی ٹیم میں شامل 10افسران و اہلکاروں کو سی سی ون اور 10ہزار فی کس نقد انعام دیا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں سب انسپکٹر علی اکبر،سب انسپکٹر محمد جاوید،ٹی ایس آئی محمد وسیم، اے ایس آئی منیر احمد،ہیڈ کانسٹیبل محمد سونا،ہیڈ کانسٹیبل محمد الیاس،کانسٹیبلان علی رضا،ذیشان سعیداورڈرائیور کانسٹیبل محمد ارشد شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے تھانہ الہ آباد قصور کے رہائشی محمد اسلم کے اغواء اور قتل میں ملوث خطرناک ملزم اللہ و سیایا کو گرفتار کرنے والے ٹیم کو شاباش دی اور نقد انعامات سے حوصلہ افزائی کی۔

انعامات حاصل کرنے والوں میں دوسب انسپکٹرزمحمد اسلم، محمد ادریس،اے ایس آئیزمبشر علی ساجد،نبیل احمد اور کانسٹیبل فیصل خلیل شامل ہیں آئی جی پنجاب نے پوری ٹیم کو فی کس 25ہزارنقد اور تعریفی اسناد سے نوازا۔سرگودھا ریجن کے ضلع بھکر میں سب انسپکٹر محمد حیات خان کو شہید کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے پر تین کانسٹیبلان علی حیدر، زاہد مقصود اور ظفر اقبال کو سی سی ون اور فی کس ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا۔ضلع ننکانہ، شاہ کوٹ میں دوران ڈکیتی دوکاندار کو قتل کے ملزمان کو گرفتار کرنے پر ایس ڈی پی اوناصر نوازکو تعریفی سرٹیفیکیٹ جبکہ انسپکٹر افتخار سمیت پانچ اہلکاروں کو سی سی ون اور 10ہزار فی کس نقد انعامات دئیے۔ شاہ کوٹ کے چک نمبر 174 میں دوران ڈکیتی شہری کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او اور اہلکار کو انعامات دئیے گئے۔ اسی طرح ضلع قصور میں جرائم کی 6 مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزمان کو گرفتار کرنے والے دیگر7 سب انسپکٹرز کوسی سی ون اور 10ہزار فی کس انعام دئیے گئے۔

آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل تمام افسران و اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے اسی جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جان ومال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے بھرپور محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے اوریہ سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button