پاکستانجرم و سزا

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے شہداء کو گولڈ میڈلز جبکہ غازیوں کی سلور میڈلز سے عزت افزائی کا پروگرام شروع۔

سنٹرل پولیس آفس میں سجائی گئی دوتقریب میں 20شہداء کے لواحقین اور20 غازیوں کو خصوصی میڈلز سے نوازا گیا۔
پنجاب پولیس کے شہداء اور غازیوں نے اپنی جانوں اور لہو سے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے۔ آئی جی پنجاب
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کے 36ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران کا سی پی او کا مطالعاتی دورہ
زیر تربیت افسران کو جرائم کنٹرول،پبلک سروس ڈلیوری اور پولیس فورس کی ویلفیئرکے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔
شہریوں کی مشکلات کے بلا تاخیر ازالے کیلئے 1787کمپلینٹ سنٹرکو ہفتے کے ساتوں روز فعال ہو چکاہے۔ آئی جی پنجاب
معاشرتی توجہ اور مدد کے مستحق ٹرانسجینڈرز، بے گھر بچوں اور ذہنی معذوری کے شکار افراد کیلئے تحفظ سنٹرز مصروف عمل ہیں ۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر دہشت گرد و سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے بہادر شہداء اوران واقعات میں زخمی ہونے والے فرض شناس غازیوں کی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں خصوصی اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں پنجاب پولیس کے شہداء کو گولڈ میڈلز جبکہ غازیوں کی سلور میڈلز سے عزت افزائی کا پروگرام بھی شروع ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے بہادر شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں سجائی گئی جس میں شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو خصوصی میڈلز سے نوازا گیا۔آئی جی پنجاب نے گذشتہ برسوں میں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے مختلف واقعات کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے شہدائے پولیس بشمول سب انسپکٹر زوارث علی اور منظور احمد، کانسٹیبلان سید عادل حسین، محمد افضل، محمد قیصر ،محمد عمران،محمد اشرف، محسن علی ، تنویر حسین ،اعظم سیماب محمد آصف ، رحمت علی ،عبدالمجید، محمد آصف، محمد راشد علی ،محمد اصغر ، افتخار احمد، شبیر احمد ، محمد امین اورمحمد سرور کی بیوگان ، والدین اور دیگر وارثان کو گولڈ میڈلز دئیے جبکہ غازی کانسٹیبلان محسن علی، وقار برکت، جواد حسین، اعجاز اشرف ،محمد نواز ، حمیس علی ، منصور الیاس، طاہر محمود، عامر نیامت ، حسنین بشیر، محمد عثمان، محمد رمضان، حامد مختار، اسرار احمد ، جاوید اقبال ، سہیل احمد، محمد اکرم، سیف اللہ ، بابر حیات اور محمد اقبال کو سلور میڈلز دئیے گئے۔

آئی جی پنجاب نے تمام شہداء اور غازیوں کی شجاعت اور بے مثال خدمات کی شاندار الفاظ میں عزت افزائی کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس کے شہداء اور غازیوں نے اپنی جانوں اور لہو سے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے، یہ بہادر سپوت پوری قوم کے ہیروز ہیں اور پنجاب پولیس اپنے ان بہادر شہداء اور غازیوں کی لازوال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء کی فیملیز کی عزت و تکریم میں اضافے اور غازیوں کی بحالی اور مشکلات کے ازالے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے ، شہداء کے بچوں کومعیاری تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کیلئے متعدد اداروں کے ساتھ ایم او یوز کئے گئے ہیں جبکہ غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ٹرانسفر پوسٹنگ میں انکی مرضی کے مطابق علاج معالجے کی ہر سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ شہداء کی فیملیز اور غازیوں نے محکمہ کی جانب سے ہونے والی اس خصوصی عزت افزائی پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

مزید برآں 36ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا ۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد سے آئے وفد میں تین خواتین سمیت16افسران شامل تھے۔زیر تربیت افسران کو جرائم کنٹرول،پبلک سروس ڈلیوری اور پولیس فورس کی ویلفیئرکے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کورس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ، جرائم کنٹرول اور سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے اپنے ورکنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ فورس کے مورال کو بلند کرنے کیلئے دستیاب وسائل سے ویلفیئر امور بارے متعدد اصلاحات کی ہیں جس کا براہ راست اثر انکی کارکردگی میں بہتری کی صورت سامنے آیا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے اور انکی شکایات کے بلا تاخیر ازالے کیلئے 1787کمپلینٹ سنٹرکو ہفتے کے ساتوں روز فعال کردیا گیا ہے جس سے مقدمات کے فوری اندراج یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ
شہریوں کی دیگر شکایات کے ازالے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ معاشرتی توجہ اور مدد کے مستحق ٹرانسجینڈرز، بے گھر بچوں اور ذہنی معذوری و مسائل کے شکارخصوصی افراد کیلئے تحفظ سنٹرز فعال کئے گئے ہیںجبکہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے صوبہ بھر میںکریک ڈاؤن اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں جبکہ بیرون ملک فرار اشتہاریوں کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کر کے واپس پاکستان لایا جار ہا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب نے آئی جی پنجاب کی ہدایت پر جرائم کنٹرول اورفورس کی ویلفیئر کے پراجیکٹس بارے بریفنگ دی۔ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعدد پروگرامز اور اصلاحات بارے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے پبلک سروس ڈلیوری، انتظامی اموراور عوامی مسائل بارے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔ زیر تربیت افسران کو سنٹرل پولیس آفس کے مختلف فلورز اور دفاتر کا دورہ کرایا گیا۔ دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور وفد کے سربراہ کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس راجہ رفعت، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی ایڈ من عمارہ اطہر اور اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button