جرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب کی جانب سے بہترین کارکردگی پر گوجرانوالہ ریجن کے 57 ملازمین میں تقریبا 20 لاکھ روپے نقد اور تعریفی اسناد تقسیم

جذبہ خدمت و جہاد کے تحت فرائض ادا کرنے والے ملازمین محکمے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آئی جی پنجاب

انعامات حاصل کرنے والوں میں گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال پولیس کے افسران و اہلکار شامل. مظلوموں بالخصوص بیواؤں، مسکینوں اور لاچاروں کی مدد اور انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور

لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ملازمین کی انعامات سے حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں گوجرانوالہ ریجن کے 57 افسران واہلکاروں کو تقریبا 20 لاکھ روپے نقد اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال پولیس کے 5 انسپکٹرز، 26 سب انسپکٹرز اور 6 اے ایس آئی، 3 ہیڈ کانسٹیبل اور 26 کانسٹیبلان شامل تھے جنہیں تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں گولیوں سے زخمی ہونے والے تین غازی جوان بھی شامل تھے جن کی شجاعت اور فرض شناسی پر آئی جی پنجاب نے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران واہلکاروں سے خطاب میں کہاکہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ جذبہ خدمت و جہاد کے تحت فرائض ادا کرنے والے ملازمین محکمے کا قیمتی سرمایہ ہیں، تمام ملازمین اسی جوش و جذبے کے ساتھ جرائم کے قلع قمع اور مجرمان کی سرکوبی کا سلسلہ مزید تیز کریں۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ مظلوموں بالخصوص بیواؤں، مسکینوں اور لاچاروں کی مدد اور انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ منشیات اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں اور ملزمان کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
مزید برآں آئی جی پنجاب کی ہدایت پرپولیس ملازمین کی ریگولر و ٹائم سکیل پروموشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اسی سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کے ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ نے تربیتی اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے درجہ چہارم کے 59ملازمین کو ٹائم سکیل پروموشن کی منظوری دے دی ہے۔ ترقی پانے والوں میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور، ملتان، فاروق آباداور سرگودھا کے ٹریننگ سکولز کے ملازمین شامل ہیں۔اے آئی جی ٹریننگ نے ٹائم سکیل پالیسی کے تحت ترقی پانے والے ملازمین کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔ترقی پانے والوں میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کے 27، پولیس ٹریننگ سکول ملتان کے 8،پولیس ٹریننگ سکول فاروق آبادکے 8اور پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا کے16ملازمین جن میں لانگری، خاکروب، باربر، پینٹر، مالی، سینٹری ورکرسمیت دیگر درجہ چہارم کے ملازمین محمد ناصر،سید حسن علی، محمد جنید، یاسر علی، محمد فاروق، فلک شیر، محمد حنیف، عامر مسیح، قاسم رفاقت، مشتاق مسیح، لیاقت علی،ا دیب اصغر، ولسن مسیح سمیت دیگر شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریننگ، محبوب اسلم نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس ٹریننگ اداروں کے سٹاف کو میرٹ کے مطابق ترقیاں دی گئی ہیں اور ٹائم سکیل کے علاوہ دیگر ملازمین کی ریگولر پروموشن کے لیے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ میرٹ اورسنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقی ہر ملازم کا بنیادی حق ہے جو اسے بلا تاخیر دیا جائے گا۔ ڈاکٹرعثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام یونٹ سربراہان اپنے اپنے یونٹس میں پروموشن بورڈ کے اجلاس کا باقاعدگی سے انعقاد کریں اور ترقی کے اہل ملازمین کو اگلے عہدوں میں ترقی دے کر نوٹیفیکیشنز سنٹرل پولیس آفس بھجوائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button