لاہور(خبر نگار, کرائم رپورٹر)
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور عمران کشور نے کہا ہے کہ جرم سردز ہونے کی صورت میں بعد تصدیق فوری مقدمہ درج کیا جائے۔ جرم کی نوعیت میں تخفیف پر متعلقہ افسر کی خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جیولری شاپس، بنک ہائے اور کرنسی ایکسچینج پر پٹرولنگ بڑھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سٹی ڈویژن کی انسدادِ جرائم میٹنگ کے دوران کیا۔ ایس پی، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز میٹنگ میں موجود تھے۔ میٹنگ میں سٹی ڈویژن کی اوورآل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ ون فائیو کالز پر ریسپانس ٹائم اور شہریوں کو سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنائی جائے۔ تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسک کو ایس او پیز کے تحت فعال رکھیں۔ تھانوں کی خود انسپکشن کروں گا، کوتاہی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔ عمران کشور نے کہا کہ پولیس افسران فیلڈ میں رہیں،جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے تاثر کو غلط ثابت کریں۔ منشیات کی ترسیل کو روکنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائیں۔ اشتہاری مجرمان کے گردگھیرا تنگ کیا جائے۔ عمران کشور نے افسران کوکارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔