بچے سمر کیمپس میں جوش وخروش سے حصہ لے رہے جو خوش آئند ہے، انہی بچوں میں مستقبل کے سٹار بنیں گے، ڈاکٹر آصف طفیل
لاہور (خبر نگار)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں 14کھیلوں کے سپورٹس بورڈ پنجاب سمر کیمپس کا سلسلہ جاری ہے جس میں ہزاروں بچے شریک ہیں، کوالیفائیڈ کوچز کی نگرانی جاری کیمپس میں انڈر8اور انڈر14بچوں کو جدید خطوط پر تربیت دی جارہی ہے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سمر کیمپس کا سلسلہ پہلی بارشروع کیا گیا تاکہ موسم گرما کی تعطیلات میں بچوں کو سپورٹس کی جانب راغب کیا جائے، سمر کیمپس کا بہت اچھا ریسپانس آیا ہے، پہلی بار ہزاروں بچے سمر کیمپس میں تربیت حاصل کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو کوالیفائیڈ کوچز سے تربیت دلا ئی جارہی ہے تاکہ سمر کیمپس سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کو مزید تربیت دے کر قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کیا جاسکے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سمر کیمپس میں جس طرح بچے جوش وخروش سے حصہ لے رہے ہیں وہ خوش آئند ہے، انہی بچوں میں مستقبل کے سٹار بنیں گے، نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
پنجاب کے تمام ڈویژنز لاہور، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور،ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بچوں کو دو سیشنز میں تربیت دی جارہی ہے، پہلا سیشن صبح اور دوسرا سیشن شام کوہوتاہے، کوچز بچوں کو فٹنس کیلئے ورزش بھی کراتے ہیں اور کھیل کی تکنیکس کے بارے میں رہنمائی بھی کرتے ہیں۔