
پہلی بار موسم گرما کی تعطیلات میں بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے جس پرڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کے شکر گزارہیں،والدین
لاہور (خبر نگار) سپورٹس بورڈ پنجاب سمر کیمپس نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہیں، جمنازیم ہال میں ووشو، تائی کوانڈو، سیلف ڈیفنس، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے تربیتی کیمپس میں کوالیفائیڈ کوچز سیکڑوں کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت دے رہے ہیں، تربیتی کیمپس صبح و شام دو سیشنز میں ہورہے ہیں،جمنازیم ہال میں کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سمر کیمپس کے بہت اچھے تنائج آرہے ہیں، ہزاروں بچوں میں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، اس ٹیلنٹ کو آگے لے کر جائیں گے،ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی ٹائیٹلز میں دنیا کا مقابلہ تب ہی کرسکیں گے جب ہم گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو تیار کریں گے،اس مقصد کیلئے سمر کیمپس شروع کئے گئے ہیں، انہی کھلاڑیوں کو سٹار بنائیں گے،ہمارے کوچز بچوں پر محنت کررہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنارہے ہیں۔
سپورٹس بورڈپنجاب سمر کیمپس کے بارے میں والدین نے اپنے آراء دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار موسم گرما کی تعطیلات میں بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے جس پر سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کے شکر گزارہیں، سمر کیمپس کی وجہ سے بچے کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے جس پر تمام والدین مطمئن ہیں، والدین کا مزید کہنا تھا کہ سمر کیمپس میں بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سمر کیمپس سے قبل ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ ہمارے ملک میں بھی ایسی سہولیات ہیں،امید ہے سپورٹس بورڈ پنجاب یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔







