لیسکو ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر کسٹمر سروسز کی زیر صدارت سنٹرل سرکل اور قصور سرکل کا اجلاس
لاہور (خبرنگار)لیسکو ہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے محمد اصغر کی زیر صدارت سنٹرل سرکل اور قصور سرکل کا اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنے اور جامع حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے محمد اصغر نے ایس ای سنٹرل اور قصور سرکل، تمام ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز کو بجلی چوروں کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ خراب میٹروں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، دیہی علاقوں میں جن ٹرانسفارمرز پر بجلی چوری ہو رہی ہے ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ڈائریکٹر کسٹمر سروسز کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کو نیپرا کسٹمر سروسز مینول کے مطابق چارج کیا جائے ، بلنگ کے طریقہ کار کو بہتر سے بہتر کیا جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو، ایس ڈی اوز اپنے بیجز کا آڈٹ کریں، اووربلنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اوور بلنگ کرنے والے افسران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کی طرح ڈیڈ ڈیفالٹ کو بھی کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس معاملے پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔