
سراج الحق کی قیادت میں 21تا23ستمبر گورنر ہاوس لاہور کے باہر تین روزہ عوامی احتجاجی دھرنا دیاجائے گا۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ
لاہور (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور بدترین مہنگائی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں 21تا23ستمبر بروز جمعرات، جمعہ،ہفتہ گورنر ہاوس لاہور کے باہر تین روزہ عوامی احتجاجی دھرنا دیاجائے گا۔عوامی احتجاجی دھرنے میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔تینوں روز امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، مرکزی رہنما جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر العظیم،امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل پنجاب نصراللہ گورائیہ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ سمیت وکلاء، اساتزہ، مزدور، یوتھ رہنما اور دیگر سیاسی و سماجی قائدین دھرنا کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ رات کو بھی شرکا ء دھرنا میں موجود رہیں گے۔ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ مہنگائی کے چکی میں پسی عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ اس دھرنے میں اپنے حق کے حصول کیلئے اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کے معاشی قتل کے خلاف اپنے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ شہری اس دھرنا میں خود بھی شرکت کریں اور اپنے دوست احباب کو بھی شریک کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کے باہر احتجاجی دھرنا نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے۔ جماعت اسلامی کی پرامن تحریک عوام کو حقوق دلا کر رہے گی۔قوم اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کرے۔







