
46 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے مالکان اور پرنسپلز کی شرکت.وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے اجلاس کی صدارت کی۔
لاہور (خبرنگار) پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں سنٹرائزڈ داخلوں کے حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جمعہ کے روز اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 46 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے مالکان اور پرنسپلز نے شرکت کی۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر وی سی یو ایچ ایس نے پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل کالجوں میں سنٹرلائزڈ داخلوں پر مالکان اور پرنسپلز کو اعتماد میں لیا۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات2گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ کالجوں میں سنٹرلائزڈ داخلے کررہے ہیں جس کا مقصد میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ2022ء کے تحت بنائی گئی۔ پروفیسر احسن وحید راٹھور نے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے مالکان کو یقین دہانی کرائی کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ تمام سیٹیں میرٹ پر بھری جائیں گی۔ وائس چانسلر یو ایچ

ایس نے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو غور سے سنا اور داخلوں کے حوالے سے تمام خدشات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ایک تجویز پر انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے حوالے سے دیگر یونیورسٹیوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہیں گے۔ اس موقع پر پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے مالکان اور پرنسپلز نے یو ایچ ایس پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ یونیورسٹی اف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹرمیڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے درخواستوں کی وصولی کا عمل 16اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔







