
مون سون سیزن کا طوفانی اسپیل صوبائی دارالحکومت میں خوب جم کر برسا، جس کے بعد جل تھل ایک ہوگیا۔ واسا حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش تاج پورہ کے علاقے میں 242 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈیوس روڈ، چائناچوک، کینال روڈ،گڑھی شاہو، علامہ اقبال روڈ، شملہ پہاڑی اور اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب کئی اہم مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق بارش سے 177 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔فیڈرز کی ٹرپنگ سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش سے لاہور کے 120 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی جب کہ قصور سرکل کے 15 فیڈرز سے بجلی سپلائی بند ہو گئی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بارش کے پانی کے نکاسی کے ہنگامی اقدامات کی نگرانی جاری ہے۔