صوفیاء نے دکھی انسانیت کی خدمت اور آدمیت کے دردوں کا مداوا کیا;ڈاکٹر طاہر رضا بخاری
سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے راجن پور کے دورے کے موقع پر حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے مزار پر حاضری

لاہور(سپیشل رپورٹر)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے راجن پور کے دورے کے موقع پر حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے مزار پر حاضری دیتے ہوئے کہا کہ صوفیاء نے دکھی انسانیت کی خدمت اور آدمیت کے دردوں کا مداوا کیا، ان کو اپنائیت اور محبت سے سرفراز کیا۔ اپنی خانقاہوں کے دروازے مخلوقِ خدا کے لیے ہمیشہ کھلے رکھے۔ سوسائٹی اور سٹیٹ کو بھی مخلوقِ خدا سے محبت، شفقت اور نرمی کے برتاؤ کی تلقین کی۔ وہ کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے مزار پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کام کی رفتار کو بہتر اور کوالٹی کو بہترین بنانے کے لیے موقع پر ہی احکام جاری کیے۔واضح رہے کہ خواجہ غلام فرید ؒ کے مزار کی تعمیر و ترقی کا حالیہ منصوبہ سال 2021 سے شروع ہوا جو کہ جون2025ء کو مکمل ہوگا۔ اس منصوبہ میں مزار شریف کے صحن کی توسیع، داخلی و خارجی راستے اور وضو خانو ں کی تعمیر سمیت تزئین وآرائش کے دیگر امور بھی شامل ہیں۔جس کے لیے حکومت کی طرف سے 69 ملین کی رقم مختص کی گئی ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ دنیا میں اسلامی فن تعمیر اپنی انفرادیت اور حُسن کے سبب ممتاز مقام رکھتا ہے، جس کا سب سے حسین اور معتبر حوالہ ہماری مساجد اور مزارات ہیں، جن کو محفوظ کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔







