
مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے سے قبل اس کا معائنہ کیا پھررول کو کھول کرٹرف بچھائی اور ہاکی کی بحالی وترقی کیلئے دعا کی. ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے نئی سنتھٹک ٹرف کے بارے میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کو بریفنگ دی
لاہور (خبرنگار) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے اتوار کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے کا افتتاح کیا ہے، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے سے قبل اس کا معائنہ کیا ، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے نئی سنتھٹک کے بارے میں بریفنگ دی، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے رول کو کھول کرٹرف بچھائی اور ہاکی کی بحالی وترقی کیلئے دعا کی،اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان،ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل ،ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ،پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو قیصر رضا،سنتھٹک ٹرف بچھانے والی کمپنی کے محمد عثمان آفریدی ودیگر بھی موجود تھے،مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی کی بحالی کیلئے پہلا قدم اٹھایاہے،انٹرنیشنل ہاکی کو واپس لائیں گے،نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے کے منصوبے پر 16کروڑ روپے لاگت آئی ہے، نئی سنتھٹک ٹرف کی تکمیل سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو عالمی معیارکے مطابق سہولت مل جائے گی، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا ہاکی سٹیڈیم ہے اس کو مزید بہتر بنائیں گے، ایف آئی ایچ کی منظوری کے بعدہاکی کا انٹرنیشنل ایونٹ کرایا جائے گا،

جلد ہاکی کا نیشنل ایونٹ منعقد کرائیں گے جس میں ملک بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے، نجی شعبہ کے تعاون سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جائے گا،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں پلوں کے نیچے جگہ کو سپورٹس کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ،لاہور میں بہت سے پل بن چکے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ پلوں کے نیچے جگہ کو سپورٹس کے لئے استعمال میں لایا جائے جس پر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے والی کمپنی نے ایک پل کے نیچے فٹسال گرائونڈ کی طرز پرایک گرائونڈ بناکر دینے کی پیشکش کی ہے،تقریب میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض ،سیکرٹری سپورٹس پنجاب شاہد زمان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کو سوینئر پیش کئے گئے۔







