
راولپنڈی، اسلام آباد کے علاوہ گلگت بلتستان، کے پی کے اور آزاد کشمیر کے عوام بھی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، صوبائی وزیر کا آر آئی یو کے تمام حصوں کا دورہ
لاہور(خبر نگار) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمراہ راولپنڈی انسٹیٹوٹ آف یورالوجی کا دورہ کیا اور اسکے تمام حصوں کا معائنہ کیا۔ وہ ہسپتال کی لیبارٹری، ڈائیلسز سنٹر اور او پی ڈی میں بھی گے۔ انہوں نے تمام طبی آلات اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے آر آئی یو بلڈنگ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹوٹ آف یورالوجی سے نہ صرف جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری مستفید ہو رہے ہیں بلکہ گلگت بلتستان، کے پی کے، اور آزاد کشمیر کے عوام بھی اس میں موجود جدید سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹوٹ آف یورالوجی تمام جدید سہولیات سے مزین سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ ہے جس سے گردے اور مثانے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر ہیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آر آئی یو کی پتھالوجی لیب میں جدید مشنری موجود ہے، اور او پی ڈی مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے جس سے روزانہ درجنوں مریض کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلسز سنٹر بھی مکمل طور پر فعال ہے جو دو شفٹوں میں مریضوں کو ڈائیلسز کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آر آئی سی کی طرز پر آر آئی یو بھی گردے اور مثانے کے مخصوص امراض کیلئے سپیشلائزڈ سہولیات فراہم کرے گا اور اس سے کثیر تعداد میں عوام کو سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دستیاب بجٹ اور وسائل میں پرفامنس میں بہتری لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔







