جرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا میانوالی پولیس کے غازی ایس ایچ اوانسپکٹر اقبال خان کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین

آئی جی پنجاب نے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے ساتھ میانوالی دورے کے موقع پرانسپکٹر اقبال خان کی عیادت بھی کی۔

لاہور (خںر نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میانوالی پولیس کے غازی ایس ایچ اوانسپکٹر اقبال خان کو خطرناک اشتہاریوں سے مقابلے میں عزم و حوصلے اور جوانمردی کے لازوال مظاہرے پر شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ انسپکٹر اقبال خان جیسے بہادر اورفرض شناس افسرکا جذبہ ڈیوٹی پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہے، پنجاب پولیس ایسے ہی بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے جو عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے میدان عمل میں ہر لمحہ سر بکف رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر اقبال خان ان دنوں تھانہ پیر پہائی میانوالی میں بطور ایس ایچ او خدمات سر انجام دے رہے ہیں، خفیہ اطلاع پر انسپکٹر اقبال خان دوہرے قتل میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ٹیم کے ہمراہ پہاڑ پر گئے جہاں اشتہاریوں سے فائرنگ کے تبادلے میں انسپکٹراقبال خان کو ٹانگ پرپانچ گولیاں لگیں لیکن انہوں نے جوانمردی سے مقابلہ جاری رکھا۔انسپکٹر اقبال خان کو پولیس جوانوں نے چادر میں لپیٹ کرساڑھے چار گھنٹوں کے بعد پہاڑ سے نیچے اتارا۔ پہاڑ سے واپسی پر انسپکٹر اقبال خان کی مسکراہٹ اور وکٹری کا نشان فتح کا اعلان کر رہا تھا۔ آئی جی پنجاب نے بہادری و فرض شناسی کے لازوال مظاہرے پر سعودی عرب سے انسپکٹر اقبال خان کو شاباش کا پیغام بھیجا اورنگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کے ساتھ میانوالی دورے کے موقع پر انسپکٹر اقبال خان کی ہسپتال میں عیادت بھی کی۔پنجاب پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہونے والے اقبال خان اپنی40سالہ سروس میں اپنی محنت اور فرض شناسی سے انسپکٹر رینک تک پہنچے ہیں۔ وہ ان دنوں میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں اور ان کا عزم و حوصلہ بلند اور جذبہ خدمت جوان ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے انسپکٹر اقبال خان کو خراج تحسین پر مبنی خصوصی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button