
کسی بھی ذاتی فعل و انتقامی کاروائی کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال انتہائی غیر مناسب، قابل دست اندازی جرم ہے۔محفوظ و پر امن پنجاب اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہم سب کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا، آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس اور مسیحی کمیونٹی لیڈرز مل کر بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہیں اورباہمی تعاون ومشترکہ اقدامات سے منفی پروپیگنڈہ کو زائل کرتے ہوئے شرپسندانہ کاروائیوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اختلاف رائے رکھنا بنیادی انسانی و معاشرتی جبلت ہے، تحفظ کا احساس ایک دوسرے پر اعتماد سے شروع ہوتا ہے، کسی بھی ذاتی فعل و انتقامی کاروائی کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال انتہائی غیر مناسب، قابل دست اندازی جرم ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہاکہ محفوظ و پر امن پنجاب اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہم سب کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا،پنجاب پولیس نے بین المذاہب ہم آہنگی و اقلیتی کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے میثاق سنٹرز بنائے ہیں جس کے پلیٹ فارم سے مسیحی شہریوں کو پولیسنگ خدمات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی اور درپیش مسائل کا ازالہ یقینی بنایاجارہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مسیحی کمیونٹی کے سپوت ہمارے ملک کے عظیم بیٹے، لیڈرز اور یکساں حقوق کے حامل شہری ہیں، باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات سے منفی پروپیگنڈہ کو زائل اور شرپسندانہ کاروائیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے آج سنٹرل پولیس آفس میں مسیحی کمیونٹی لیڈرز، پادری اور مسیحی سکالرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات مسیحی لیڈرز سے قریبی رابطے کیلئے میثاق کونسل کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسیحی کمیونٹی کے لیڈرز، پادریوں اور نامور مسیحی اسکالرز نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ لاہور سمیت صوبہ بھر سے آئے مسیحی لیڈرز کے وفد میں شامل پادری اور بشپ شامل تھے جنہوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی،مسیحی مذہبی لیڈرز نے کرسچین شہریوں کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے پر پنجاب پولیس کی خدمات کو سراہا،مسیحی لیڈرز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس نے جڑانوالہ سمیت بعض شہروں میں شرپسندی کو بڑی دانشمندی سے کنٹرول کرکے انسانی جانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مسیحی لیڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسائل بارے دریافت کیا، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل،اے آئی جی آپریشن ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی،ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد اور ڈی پی اوسرگودھا فیصل کامران سمیت سینئر افسران موجود تھے۔







