
ایم او یو کے تحت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ماڈل ڈے کئیر سنٹر بنایا جائے گا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبرنگار)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبے کے مختلف اضلاع میں پولیس دفاتر کی اپ گریڈیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور نجی کمپنی (انٹر لوپ) کے درمیان ایم او یوسائن ہوگیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی کمپنی کے اعلی عہدیداران نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ایم او یو کے تحت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ماڈل ڈے کئیر سنٹر بنایا جائے گا،لاہور کے علاوہ مذکورہ کمپنی پنجاب کے دیگر اضلاع میں چار مزید ماڈل ڈے کئیر سنٹر کی تعمیر میں معاونت فراہم کرے گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ماڈل ڈے کئیر سنٹر کے قیام سے خواتین پولیس ملازمین کو اپنے چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کی بہترین سہولت حاصل ہوگی، خواتین ملازمین کے کم سن بچوں کی نگہداشت، بنیادی تعلیم و تربیت سمیت دیگر جدید سہولیات دستیاب ہونگی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایم او یو کے تحت نجی کمپنی ڈے کئیر سنٹر میں فرنیچر، بچوں کے استعمال کیلئے مختلف سہولیات فراہم کرے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ماڈل ڈے کئیر سنٹر پولیس ملازمین کے کم سن بچوں کی ویلفیئر کیلئے خصوصی سہولت کا باعث ہوگا، ڈے کئیر سنٹر کی سہولت میسر آنے سے خواتین پولیس ملازمین مزید تندہی سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کر سکیں گی۔ نجی کمپنی کے عہدیدار مصدق ذوالقرنین نے کہاکہ ماڈل ڈے کئیر سنٹر کی تکمیل کے بعد ایک برس تک تمام اخراجات ادا کریں گے، بعد ازاں پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔تقریب میں ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، ایس پی ہیڈ کوارٹر عبداللہ لک اور اے ایس پی گلبرگ شہربانو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے،







