
ہمارے بے حس حکمران اور ضلعی انتظامیہ ناچ گانے اور تفریحی پروگرامات منعقد کررہی ہے۔ نگران حکومت شہر لاہور میں فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فیسٹیول کے انعقاد کو منسوخ کرے۔ اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینی معصوم بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منصورہ میں احتجاجی تقریب سے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ کا خطاب
لاہور (خبر نگار)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینی معصوم بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منصورہ میں احتجاجی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں جماعت اسلامی سمیت رہنماؤں اوربچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواتین اور بچوں نے پلے کارڈ اٹھا کر فلسطینی بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ تقریب میں پاکستان اور مسلم ممالک کے حکمرانوں سے فلسطین کی فوری مدد کیلئے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے شرکاء احتجاج اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں لہور لہور اے فیسٹیول کا انعقاد حکمرانوں کی بے حسی کا کھلا ثبوت ہے۔ غزہ میں مسلمان بہن، بھائی اور بچے قبلہ اول کی آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔ ہمارے بے حس حکمران اور انتظامیہ ناچ گانے اور تفریحی پروگرامات منعقد کررہی ہے۔ فلسطین میں مسلمان بے گھر ہوکر ادویات کھانااور انسانی ضروریات سے محروم ہیں۔ پاکستان میں اسلامی جمہوری ریاست کے حکمران ناچ گانے کی محفل سجارہے ہیں۔ نگران حکومت شہر لاہور میں فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فیسٹیول کے انعقاد کو منسوخ کرے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور عبدالعزیزعابد نے کہا ہے کہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا واحد حل جہاد ہے۔غزہ پر مسلسل 21روز سے بارود کی بارش کھلی دہشتگردی ہے۔ فلسطین میں انسانی الیمہ جنم لے چکا ہے۔فلسطین کے مسلمان مسجد اقصی کی آزادی اورحفاظت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کررہے ہیں۔






